لاکھوں افراد کیلئے رہائشی اور ورک ویزوں کااعلان! اسپین کی امیگریشن پالیسی سب کچھ بدل دے گی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

اسپین حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے رواں سال کے آغاز میں اعلان کردہ تارکینِ وطن کے لیے عام معافی (امنیسٹی) کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس اقدام کے تحت ملک میں غیر قانونی طور پر رہنے اور کام کرنے والے لاکھوں افراد کو قانونی حیثیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا جس کے بعد وہ باقاعدہ طور پر رہائشی اور ورک پرمٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

امنیسٹی پالیسی یورپ کے موجودہ رجحان سے بالکل مختلف سمجھی جا رہی ہے جہاں بیشتر ممالک میں ہجرت کو محدود کرنے اور غیر قانونی تارکین کو واپس بھیجنے کے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں۔ اسی وجہ سے اسپین کا یہ فیصلہ عالمی سطح پر ایک غیر معمولی اور متنازع مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے اس اقدام کو انصاف پر مبنی فیصلہ اور ایک ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ پہلے ہی ملک میں رہائش اور محنت کر رہے ہیں انہیں برابر کے حقوق کے ساتھ شامل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ایسے افراد کو ٹیکس نظام کا حصہ بھی بننا چاہیے تاکہ وہ معاشرے میں مکمل طور پر ضم ہو سکیں۔

نئے قواعد کے مطابق اہل افراد کو ایک سال کا عارضی رہائشی اور ورک پرمٹ دیا جائے گا۔ درخواستیں 20 اپریل سے دفاتر میں جبکہ آن لائن درخواستوں کا آغاز اس سے بھی پہلے متوقع ہے اور یہ عمل 30 جون تک جاری رہے گا۔

حکومت کے مطابق درخواست گزاروں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ مخصوص تاریخ سے پہلے اسپین پہنچے تھے اور کم از کم چند ماہ سے ملک میں مقیم ہیں ساتھ ہی ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق تقریباً پانچ لاکھ افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ حقیقی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔ ملک میں اس وقت بڑی تعداد میں تارکینِ وطن زراعت، سیاحت اور سروس سیکٹر جیسے اہم شعبوں میں کام کر رہے ہیں جو معیشت کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب اس فیصلے پر سیاسی اور انتظامی سطح پر بحث بھی جاری ہے جہاں اپوزیشن اور بعض حلقوں نے اس پالیسی کو غیر پائیدار قرار دیا ہے جبکہ امیگریشن حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مختصر وقت میں اتنی بڑی تعداد میں درخواستوں کو سنبھالنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

Related Posts