جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، محمد اسلم غوری، علامہ سمیع الحق سواتی اور مولانا صالح اندھڑ نے 12 روزہ سندھ امن مارچ اور طوفان اقصیٰ کانفرنس میں عوام کی تاریخی اور مثالی شرکت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں مولانا راشد محمود سومرو نے کارکنان اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی ہمارا ایمانی فریضہ تھا، ہم اہل فلسطین کی جانی، مالی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 12 روزہ سندھ امن مارچ سندھ میں بدامنی اور لاقانونیت کیخلاف عوامی غیظ وغضب کا عملی مظاہرہ تھا، ہم سندھ کے نظریاتی تشخص کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، عوامی مسائل کے حل اور آئین کی بالادستی کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، قوم نے شاہراہِ قائدین پر ریفرنڈم میں فیصلہ دے دیا ہے کہ ہم اسرائیلی جارحیت کیخلاف غزہ کے مظلوموں کی آواز ہیں، ہم سندھ کے وسائل پر 15 سال سے ڈاکا ڈالنے والوں کا کڑا عوامی احتساب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چور راستے سے کسی قوت کو حکومت پر قابض نہیں ہونے دیا جائے گا، اپنے مینڈیٹ کا تحفظ کریں گے، مفاد پرست عناصر کا گھیراؤ کرکے ان کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، ہم نے سندھ امن مارچ کے ذریعے عوامی تحریک کا دائرہ صوبے کے ہر گاؤں، تحصیل اور ضلع تک بڑھادیا ہے۔
انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے سندھ کے تمام اضلاع کے امراء نظماء عمومی ارکان، کارکنان، ہمدردوں اور عوام کو طوفان اقصیٰ کانفرنس اور 12 روزہ سندھ امن مارچ کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ باب الاسلام ہے، محب وطن اور اسلام پسندوں کا گڑھ تھا، ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ رہے گا، یہاں کسی قوت کو بیرونی ایجنڈے کے فروغ کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جدوجہد ہر سطح اور ہر حال میں جاری رکھیں گے، عوام نے صوبے کو معاشی طور پر کمزور کرنے والے ٹولے کی نیندیں اڑا دی ہیں، عوام دشمن قوتیں نوشتہ دیوار پڑھ لیں، ہم ان کے مذموم عزائم کو روکنا جانتے ہیں، جمعیت علمائے اسلام ہرموڑ پر قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتی رہے گی۔
انہوں نے 12 روزہ سندھ امن مارچ اور طوفان اقصیٰ کانفرنس کی بھرپور کوریج پر الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا، صحافتی برادری، سیکورٹی اور انتظامی امور میں بھرپور معاونت پر تمام اضلاع کی انتظامیہ، محکمہ داخلہ سندھ، سندھ پولیس اور سندھ رینجرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔