درگاہوں کے اطراف اراضی قابضین سے واگزار کرانے کیلئے آپریشن کا عندیہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: سندھ کے وزیر برائے زکواۃوعشر، اوقاف اور آبپاشی سہیل انور سیال نے محکمہ اوقاف سندھ کی ملکیتوں کا آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا ہے جبکہ محکمہ اوقاف کے زیر انتظام درگاہوں کے اطراف اراضی کو قابضین سے واگزار کرانے کے لیے آپریشن کا عندیہ دیا ہے ۔

سہیل انور سیال نے کہا کہ صوبے بھر میں محکمہ اوقاف کی اراضی کو قابضین سے واگزار کروانے اور اسے شفاف طریقے سے بامقصد انداز میں استعمال کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی اراضی پر قابض افراد کے خلاف گھیرائو مزید تنگ کرکے قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور محکمہ اوقاف سندھ کی ملکیت زمینوں سے آمدنی میں اضافہ کے لئے متعلقہ حکام سے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:کے ایم سی کی زمین پر قبضہ ختم کرانے کیلئے میئر کراچی کا ڈی جی رینجرز کو خط

صوبائی وزیر برائے زکواۃ وعشر، اوقاف اور آبپاشی سہیل انور سیال نے محکمہ اوقاف کے انتظامی حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ملازمین کی تنخواہ و پنشن سے متعلق معاملات کی جامع رپورٹ مرتب کر کے جلد از جلد انھیں جمع کروائی جائے۔

بصورت دیگر اس ضمن میں کوتاہی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔