کراچی میں شہری انتظامیہ کی غفلت، بارش کے بعد رہائشی علاقوں میں تعفن پھیل گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں شہری انتظامیہ کی غفلت، بارش کے بعد رہائشی علاقوں میں تعفن پھیل گیا
کراچی میں شہری انتظامیہ کی غفلت، بارش کے بعد رہائشی علاقوں میں تعفن پھیل گیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

شہرِ قائد میں بلدیاتی ادارے اور شہری انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے تیار نہیں، اداروں کی غفلت سے بارش کے بعد رہائشی علاقوں میں تعفن پھیل گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز طوفانی بارش سے کراچی کے  ضلع غربی اور وسطی کے نالوں کی کیچڑ 3 روز سے ان نالوں سے متصل کچی آبادیوں ، گلیوں اور بازاروں میں  موجود ہے اور  بعض پوش علاقے بھی اس کی زد میں ہیں۔کیچڑ کے باعث ان علاقوں میں شدید تعفن سے عوام الناس  کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں چھوٹے بڑے تالاب بن چکے ہیں جبکہ راستوں پر کیچڑ کے باعث بچے اور خواتین گزر ہی نہیں سکتے تاہم ادارۂ فراہمی و نکاسئ آب (کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ) اِس کیچڑ کو صاف کرنے کے لیے تیار نہیں۔

دوسری جانب بلدیاتی ادارے اور  ڈی ایم سیز اس کیچڑ کی ذمہ داری واٹر بورڈ پر عائد کر رہی ہیں، ضلعی بلدیات کے سربراہان  کا کہنا ہے کہ برساتی نالوں میں واٹر بورڈ کا سیوریج نظام ڈالے جانے سے ان میں بارشوں کے موسم کے علاوہ بھی سیوریج کا پانی بہہ کر سمندر تک جا رہا ہے۔

ضلعی بلدیات کے چیئرمینز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے پانی کے باعث  تعفن، مچھروں  اور  مکھیوں کی بھر مار ہے جبکہ ان نالوں کے باعث علاقوں میں  مختلف بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں، دوسری طرف واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ برساتی نالوں کی ذمہ داری بلدیاتی اداروں ، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی ہے۔

واٹر بورڈ کے مطابق نالوں میں  جمع ہونے والی کیچڑ اور علاقوں کی صفائی کی ذمہ داری ضلعی بلدیات کی ہے۔ 2 اداروں کی کوتاہی کے باعث گزشتہ 3 روز سے گجر نالہ سے باہر آنے والی کیچڑ متصل علاقوں میں موجود ہے جبکہ یہ نالہ اورنگی ٹاؤن اور سائٹ ٹاؤن سے گزرتا ہے۔

اس حوالے سے بلدیہ وسطی نے شہریوں کی شکایات پر کاروائی شروع کردی ہے اور نالوں کی باقیات علاقوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے،جبکہ بلدیہ غربی میں بھی صفائی شروع کردی گئی ہے۔شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کیچڑ کی صفائی سے علاقوں سے تعفن جلد دور ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھیں: ہاؤسنگ اتھارٹی کے اہلکار ناجائز تجاوزات کا کرایہ وصول کرنے لگے

Related Posts