کراچی: سندھ حکومت نے مشرق وسطیٰ کشیدگی کے تناظر میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کفایت شعاری پالیسی اپناتے ہوئے سندھ میں مارکیٹس کے اوقاتِ کار محدود کردئیے گئے ہیں، اشیائے ضروریہ کے علاوہ تمام قسم کی دکانیں رات 8بجے بند ہوجائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے یہ فیصلہ ایران جنگ، آبنائے ہرمز کی بندش اور اس سے پیدا ہونے والے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کیا۔ صوبے میں تمام دکانیں اور مارکیٹس 8بجے بند کردی جائیں گی۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں مارکیٹس بند کرنے کا 9بجے شب مقرر کیا گیا ہے۔
تاہم اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ سندھ حکومت کے فیصلے کے تحت تندور، دودھ، بیکریز اور میڈیکل اسٹورز کی دکانیں جلد بند نہیں ہوں گی بلکہ انہیں فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ شادی ہالز کی بندش کا وقت بھی رات کو 12 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ رات 12بجے کے بعد شادی ہالز کھلے رکھنے پر پابندی ہوگی۔
سندھ حکومت کے فیصلے کے تحت ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ حکام کا ماننا ہے کہ رات کے وقت مارکیٹس بند کرنے سے لائٹس، پنکھے، اے سی اور بجلی کے دیگر آلات کے استعمال میں کمی آئے گی۔ سبسڈی اور لوڈ مینجمنٹ کا دباؤ کم ہوگا۔ لوڈ شیڈنگ اور شارٹ فال کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اسی طرح مارکیٹس دکانیں جلد بند کرنے میں سڑکوں پر رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔ شہریوں کی آمدورفت آسان ہوگی۔ حکام کا ماننا ہے کہ مارکیٹس جلد بند کرنے سے توانائی کی بچت ہوگی۔ تاہم رات کے وقت خریداری کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








