وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نجی دورے پر امریکا روانہ ہوگئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 3روزہ نجی دورے پر امریکا روانہ ہوگئے، بجٹ سے قبل وطن واپس آنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ صوبائی چیف ایگزیکٹو اتوار کو کراچی واپس آئیں گے،انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ اکیلے ہی امریکا گئے ہیں اور خاندان کا کوئی فرد ان کے ہمراہ نہیں گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گزشتہ سال بھی نجی دورہ پر امریکا گئے تھے جہاں ایک ہفتہ قیام کے بعد وہ وطن واپس لوٹ آئے تھے جبکہ اس بار بھی 3 دن میں ان کے واپس آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاق پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھاکہ پی ٹی آئی حکومت کم ووٹ ملنے پر سندھ کے عوام سے بدلہ لے رہی ہے،جب اپنے عوام کا حق مانگتے ہیں تو الزامات لگائے جاتے ہیں یا مقدمات بنائے جاتے ہیں، سندھ میں 5 سال پرانی اسکیمیں چلی آرہی ہیں۔

فنانس ڈپارٹمنٹ سندھ کو پورے پیسے نہیں دیتا، این ایچ اے اور فنانس میں سندھ کے لیے کوئی اسکیم نہیں رکھی گئی، پنجاب کو اسکیمیں دی ہیں تو سندھ کو بھی دیں لیکن سندھ میں نئی نئی کمپنیاں بنا کر ادھر ایسٹ انڈیا کمپنی نہ بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق کو اب خط لکھنا چھوڑ دیاہے، آخری خط میں لکھا تھا شاید میں بہرے لوگوں سے بات کر رہا ہوں، زخموں پر نمک چھڑکنا کوئی وفاقی حکومت سے سیکھے۔

مزید پڑھیں:سلیکٹڈ وزیراعظم کاسلیکٹڈ بجٹ کسی طور قبول نہیں کرینگے، بلاول بھٹو کا اعلان

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نئے بجٹ میں سندھ کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے کراچی پروجیکٹ کے نام پر ایک پیسہ نہیں رکھاگیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ایک وزیر نے اعتراف کیا کہ یوسی کے پروجیکٹس پر پیسہ نہ رکھنے پر اراکین اسمبلی ناراض ہوتے ہیں۔