سندھ ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (SEEF) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں تعلیمی سال 2025-26 کے لیے 2,662 نئے طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی اسکالرشپس دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
یہ اجلاس وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پہلے سے زیرِ تعلیم 5,853 طلبہ کی اسکالرشپس کی تجدید کی بھی منظوری دی گئی۔
ملک بھر کی 92 یونیورسٹیوں میں تعلیم کا موقع
اجلاس کو بتایا گیا کہ SEEF اسکالرشپس کے تحت سندھ کے طلبہ و طالبات ملک بھر کی 92 یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جس کا مقصد ہونہار اور مستحق طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔
فنڈ کا حجم اور حکومتی سرمایہ کاری
اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2026 تک SEEF کا مجموعی سرمایہ 11,616.7 ملین روپے تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے حاصل ہونے والے منافع سے اسکالرشپس کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ سندھ حکومت ہر سال اس فنڈ میں 2 ارب روپے کا اضافہ کرتی ہے۔
اب تک ہزاروں طلبہ مستفید
2002 میں قائم ہونے والے اس فنڈ کے ذریعے اب تک 42,169 طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔
شفافیت اور بہتری کیلئے فیصلے
اجلاس میں فنڈ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے، تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے اور سرمایہ کاری کے نظام کا ازسرِنو جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیرِ تعلیم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں ایسے شعبوں کو ترجیح دی جائے جن کی مارکیٹ میں زیادہ ضرورت ہے، جبکہ وائس چانسلرز کی اجلاسوں میں غیر حاضری پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔
حکام کے مطابق SEEF اسکالرشپس کا مقصد مستحق اور ہونہار طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے، اور اس پروگرام کو مزید وسعت دینے پر کام جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








