کراچی: صوبائی وزیر ترقی نسواں سندھ شہلا رضا نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ویلفیئر اسٹیٹ ہے تاہم ہمیں ملک میں لنگر خانوں کے بجائے کارخانے لگانے کو ترجیح دینی ہوگی اور لوگوں کے لیے باعزت روزگار کے زیادہ سے زیادہ موقع پیدا کرنے ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”Cure Pakistan Welfare” کے تحت پانچویں ”Grand Mall of Smiles” کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت اور خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اپنی نوعیت کی اس لیے بھی منفرد تقریب ہے کہ اس میں شریک یتیم بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں ضروری اشیاء مفت فراہم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن و حدیث سے بھی یہ بات ثابت ہے کہ یتیموں کے ساتھ نہایت شفقت سے پیش آنا چاہیے جبکہ صاحبِ مال کو انکی کفالت یا انکی ضروریات کو ہر ممکن پورا کرنے کا اجر بھی کئی گُنا بڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابل تحسین ہیں وہ لوگ جو بڑھ چڑھ کر ایسے کارِخیر میں حصہ لیتے ہیں اور یتیم و بے سہارا بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا سبب بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ یتیم خانوں میں پلنے والے بچے بہتر تعلیم و تربیت حاصل کریں،معاشرے میں اپنا نمایاں مقام و اہمیت بنائیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کیور پاکستان ویلفیئر کی کاوش کو سراہتے ہوئے انھیں پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی پیشکی،صوبائی وزیر نے یتیم بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔
پروگرام میں شہر کے بیشتر یتیم خانوں کے سیکڑوں بچوں نے شرکت کی تھی جبکہ پروگرام میں بچوں کو لیپ ٹاپ سمیت انکی ضرورت کی تمام اشیاء بھی مفت فراہم کی گئیں۔