ریاست بد ترین تشدد کر رہی ہے، شہلا رضا کا پی ڈی ایم رہنماؤں کی گرفتاری پر ردِ عمل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور وزیرِ ترقئ نسواں سندھ سیّدہ شہلا رضا نے پی ڈی ایم رہنماؤں اور سیاسی کارکنان کی گرفتاری پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست بد ترین تشدد کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صوبائی وزیر سیّدہ شہلا رضا نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو قاسم باغ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ پولیس نے یوسف گیلانی کے دوسرے صاحبزادے قاسم گیلانی کو بھی گرفتار کر لیا۔

وزیرِ ترقئ نسواں سندھ سیّدہ شہلا رضا نے کہا کہ یہ دونوں سیاسی رہنما پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملتان میں ہونے والے جلسے کے آرگنائزرز تھے، جنہیں گرفتار کرکے ریاست بد ترین تشدد کی مرتکب ہوئی ہے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل ملتان میں قاسم گیلانی اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دیگر سیاسی کارکنان کو گرفتار کیا گیا جس پر پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملتان پہنچنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج جامعہ مدرسہ خیر العلوم میں پی ڈی ایم رہنماؤں کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہوں گے۔

مزید پڑھیں: قائدین کی گرفتاریاں، مولانا فضل الرحمان کا ملتان پہنچنے کا فیصلہ