لاہور: احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال کیس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ اقبال کیس کی سماعت کی۔ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو جیل حکام نے عدالت میں پیش کردیا۔
شہباز شریف کے شریک ملزم شاہد شفیق کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست دائر کی گئی۔ گواہ سعید اختر نے الائیڈ بینک کے 178 چیکس پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1988ء سے کیشیئر کی حیثیت سے ملازمت کی ہے۔
گواہ سعید اختر نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ بینک کرنسی اور مشکوک لین دین رپورٹ تیار کرتے ہیں۔ کرنسی ٹرانزیکشن اور مشکوک لین دین کی رپورٹ نیب کو پیش نہیں کیں۔ گواہ ارسلان نے اکاؤنٹ کھولنے کیلئے ملزم منیر ضیاء اور شاہد شفیق کے شناختی کارڈز ثبوت کے طور پر پیش کیے۔
ایک اور گواہ حنیف اختر نے بیان دیا کہ عدالت میں پیش کیے گئے بینک ریکارڈ میں کہیں احد چیمہ کا نام نہیں۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیں: وزارتِ داخلہ میں طویل مدت سے بیٹھے ہوئے افسران کو تبدیل کریں گے۔شیخ رشید