ایمازون پرائم ویڈیو پر کرائم تھرلر سیریز کراس کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس کی کہانی ایک سیریل کلر کے گرد گھومتی ہے جو جان لینے سے پہلے ہر مقتول کا چہرہ مسخ کردیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراس کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شہر خوف کی لپیٹ میں ہے جہاں ایک سفاک سیریل کلر شہریوں پر چھپ کر وار کرتا ہے۔ اور بظاہر بے ترتیب طور پر لوگوں کو نشانہ بناتا ہے۔ وہ لطف اٹھانے کے لیے نہیں مارتا بلکہ اس کا ہر قتل ایک مقصد کے تحت ہوتا ہے۔
ٹریلر کے مطابق سیریل کلر کا ماننا ہے کہ وہ ایک شاہکار بنا رہا ہے اور جب وہ مکمل ہو جائے گا تو دنیا کو حقیقت کا پتا چلے گا۔ اس کے سرد الفاظ پولیس والوں کے ذہنوں میں گونجتے ہیں: “تم ایک شاہکار کا حصہ بننے جا رہے ہو۔ اور جب میں فارغ ہو جاؤں گا، دنیا کو حقیقت معلوم ہو جائے گی۔”
ایسے میں تفتیشی افسر الیکس کراس کی انٹری ہوتی ہے جو میٹرو پولیس ڈیپارٹمنٹ کا ایک ذہین تفتیشی افسر اور نفسیات میں پی ایچ ڈی کرچکا ہے، قتل کی تفتیش کیلئے میدان میں آتا ہے۔ بظاہر یہ اموات خودکشی یا حادثات لگتی ہیں، لیکن کراس کو کچھ عجیب محسوس ہوتا ہے۔
الیکس کراس یہ شک کرتا ہے کہ ان سب میں کوئی سازش ہے۔ “یہ خودکشی نہیں تھی۔ مقتول افراد کو قتل کیا گیا تاکہ حقیقت کو چھپایا جا سکے،” یہ کہہ کر الیکس کراس اپنے ساتھیوں کو قائل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔قاتل کا آخری شکار اس کی گاڑی میں مردہ پایا جاتا ہے۔
پھر بھی ایلیکس کراس کو قاتل کی موجودگی کا یقین ہوتا ہے۔ “مجھے لگتا ہے کہ اسے قتل کیا گیا تھا۔ جس نے اسے مارا، اس نے اسے قتل کرنے سے پہلے کسی اور میں بدل دیا تھا،” وہ قاتل کے خوفناک طریقے کو سمجھتے ہوئے کہتا ہے، جس میں وہ اپنے شکار کو موت سے پہلے بدصورت بنا دیتا ہے۔
جیسے جیسے کراس مزید گہرائی میں جاتا ہے، وہ ایک ہولناک حقیقت دریافت کرتا ہے کہ متعدد مقتولین کا ایک لاپتہ لڑکی سے تعلق ہے۔ جتنا وہ اس معاملے کو سلجھاتا ہے، یہ کیس اتنا ہی ذاتی ہوتا جاتا ہے۔ ایلیکس کراس کو لگتا ہے کہ قاتل اسے چڑانے لگا ہے اور اس کا مذاق اڑا رہا ہے۔
سیریل کلر ایسے سراغ چھوڑ رہا ہے جو اس کے ہر قتل کو ایلیکس کراس کی اپنی زندگی سے جوڑتے ہیں۔ “وہ میرے گھر میں تھا،” کراس کو جھٹکا لگتا ہے جب اسے احساس ہوتا ہے کہ قاتل اس کے قریب تر ہے۔یہ کیس ایلیکس کراس پر بھاری بوجھ ڈال دیتا ہے جو اپنی بیوی کی موت کے غم میں ڈوبا ہوا ہے۔