سینئر سیاسی رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے آئینی عدالت کے قیام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آئینی عدالت کے قیام کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
اپنے اخباری بیان میں آئی پی پی سندھ کے صدر سینئر سیاستدان محمود مولوی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں جس مدلل انداز میں آئینی عدالت کی اہمیت کو ثابت کیا، اس سے میں بیحد متاثر ہوا۔ میں ان کی کوششوں کی مکمل تائید کے ساتھ آئینی عدالت کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔
محمود مولوی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت عدلیہ پر لاکھوں زیر التوا مقدمات کا بوجھ ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ کروڑوں افراد انصاف میں تاخیر کی اذیت بھگت رہے ہیں۔
صدر آئی پی پی سندھ نے کہا کہ آئینی عدالت کے قیام سے ہم سمجھتے ہیں کہ نہ صرف عدلیہ پر زیر التوا مقدمات کا بوجھ کم ہوجائے گا بلکہ مقدمات کے جلد فیصلوں کی راہ ہموار ہوگی اور عوام کو بروقت انصاف مہیا ہوگا۔