شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سکینہ سمو نے مشہور پاکستانی اداکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخر وہ خاموش کیوں ہیں، کیوں فلسطین کے حق میں اپنی آواز بلند نہیں کررہے؟
صیہونی فورسز کی جانب سے گزشتہ 9 روز سے غزہ پر شدید بمباری کی جارہی ہے جس میں اب تک 2600 سے زائد افراد شہید اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے سیز فائر کے مطالبے کے باوجود اسرائیلی فورسز غزہ پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں اور میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کے مزید علاقے پر قبضے کا پلان بنایا ہے جسے حتمی شکل دینے کے لیے اسرائیل نے محصور غزہ پر زمینی کارروائیاں شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
حال ہی میں سکینہ سمو نے انسٹاگرام پر فاطمہ بھٹو کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے فلسطینیوں کو درپیش افسوسناک صورتحال پرخاموش پاکستانی اداکاروں پر تنقید کی ہے۔
فاطمہ بھٹو کی پوسٹ میں لکھا تھا کہ سارے دیسی اداکار اور انفلواینسرز کہاں چلے گئے؟ کیا آپ کی سرگرمی صرف چائے، چائے ہے تک تھی؟ سکینہ سمو نے اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ واقعی بہت افسوسناک، وہ مغربی صنعت سے کام چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ فلسطین میں جاری صورتحال پر پاکستان کے بڑے اداکار مہوش حیات، فواد خان، وہاج علی، یمنیٰ زیدی اور حمائمہ ملک نے اب تک کوئی بیان نہیں دیا ہے۔