بھارتی پنجاب میں ابھرتی ہوئی پنجابی گلوکارہ اندر کور پراسرار طور پر مردہ پائی گئی ہیں، جبکہ اہلخانہ نے انہیں شادی سے انکار پر اغوا اور قتل کیے جانے کا الزام عائد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لدھیانہ سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ اندر کور کی لاش نہر نیلون سے برآمد ہوئی، جسے بعد ازاں اہلخانہ نے شناخت کیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سمرالا سول اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
گلوکارہ کے بھائی جوتندر سنگھ کی جانب سے درج شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اندر کور 13 مئی کی رات گھر سے خریداری کے لیے اپنی گاڑی میں نکلی تھیں، تاہم اس کے بعد واپس نہ آئیں۔ اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ بھلور کے رہائشی سکھوندر سنگھ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انہیں اغوا کیا۔
خاندان کے مطابق ملزم اندر کور سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن رشتہ مسترد کیے جانے پر وہ مشتعل تھا۔ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ ملزم کینیڈا سے پنجاب آیا، اسلحے کے زور پر گلوکارہ کو اغوا کیا، بعد ازاں قتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی اور پھر واپس کینیڈا فرار ہو گیا۔
اہلخانہ نے پولیس پر بھی غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 مئی کو مقدمہ درج ہونے کے باوجود فوری کارروائی نہیں کی گئی، جس کے باعث مرکزی ملزم ملک سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
جمال پور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بلبیر سنگھ نے مقدمہ درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








