بھارتی شہرِ حیدرآباد کے نواحی علاقے ملکاجگری میں ایک ایسا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ایک ماں نے انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ہی کمسن بیٹی کو عمارت کی تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا جس کے نتیجے میں بچی جانبر نہ ہو سکی۔
دل دہلا دینے والا واقعہ ملکاجگری پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع وسنت پوری کالونی میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق سات سالہ بچی شارونی میری کو اس کی والدہ مونالیزا نے تیسری منزل سے نیچے دھکیل دیا جس کے باعث بچی کو شدید چوٹیں آئیں۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے زخمی بچی کو فوری طور پر گاندھی اسپتال منتقل کیا تاہم اس کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکی اور علاج کے دوران دم توڑ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ملکاجگری پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس اس پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے کہ ماں نے اپنی ہی بیٹی کے خلاف یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا اور اس واقعے کے پسِ پردہ محرکات کیا تھے۔













گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








