راولپنڈی کے شہریوں کا پسندیدہ اور مشہور مٹکا پیزا ذائقے میں اپنی مثال آپ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی: آپ نے مختلف اقسام کے پیزا تو کھائے ہوں گے، مگر آج ہم جس پیزا کی بات کررہے ہیں اسے ”مٹکا پیزا“ کہا جاتا ہے، جسے راولپنڈی کے شہریوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

راولپنڈی کے 6روڈ پر واقع ”مٹکا پیزا“ کی مالکن مسز علی نے ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ملائشیا سے فوڈ کا کورس کیا ہوا ہے اور مسز علی نے اپنی دکان کو ایک ٹرک کے اسٹائل میں ڈیزائن کیا ہے۔جو ایک انوکھا انداز ہے۔جس پر مختلف قسم کے اشعار بھی لکھے ہوئے ہیں۔

مسز علی کا ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم پیزا مٹکے میں تیار کرتے ہیں، جس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تمام اشیاء بالکل تازہ استعمال کی جاتی ہیں، جو اچھی کوالٹی کی ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، رات کے اوقات میں یہاں بہت زیادہ رش ہوتا ہے، کیونکہ فیملیز آتی ہیں اور”مٹکا پیزا“ سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔

مسز علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملائشیا سے 2013ء میں فوڈ بیکنگ میں گریجویشن کیا اور اسی تجربہ کو آگے بڑھاتے ہوئے کام کا سلسلہ شروع کیا، انہوں نے بتایا کہ پیزا تیار کرنے کی ساری مشینری انہوں نے باہر سے امپورٹ کرائی تھی۔

مسز علی نے بتایا کہ پیزا تیار کرنے میں انہیں تقریباً25منٹ کا وقت درکار ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ میرا ماننا یہ تھا کہ جب تک ہم کوئی مختلف چیز مارکیٹ میں نہیں لائیں گے لوگ اس جانب متوجہ نہیں ہوں، اس لئے انہوں نے ”مٹکا پیزا“ تیار کرنا شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے کچھ اپنے آئیڈیا ز بھی تھے، لوگوں کو اپنے پیزا کی جانب متوجہ کرانا تھا، اس لئے اس چیز کا انتخاب کیا، انہوں نے کہا پیزا تیار کرنے کے لئے اسے ایک خاص ٹمپریچر پر درکار ہوتا ہے ۔جب پیزا تیار کرنے کے لئے ٹمپریچر بالکل مناسب ہو تو پیزا 15منٹ میں بھی تیار ہوجاتا ہے۔

اپنی دکان کو ٹرک آرٹ میں کی شکل دینے کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ جب ہم ایک نئی چیز متعارف کرارہے تھے تو سوچا کیوں نہ اپنے کلچر کو بھی سامنے لایا جائے، اس لئے ہم نے ٹرک آرٹ پر مشتمل دکان تیار کی۔

مسز علی نے بتایا کہ ہمارے پاس مٹکا پیزا کے علاوہ، پیزا برگر، زنگر برگر بھی دستیاب ہیں، جبکہ سب سے منفرد ہماری مختلف اقسام کی ساسز ہیں، وہ آپ کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں کہیں نہیں ملیں گے،اُس کی ریسیپی صرف ہمارے پاس ہے۔

مسز علی کا کہنا تھا کہ کام شروع کرنے سے پہلے مجھے سب سے زیادہ سپورٹ میری والدہ اور شوہر کی جانب سے ملی، انہوں نے ہر موقع پر میری حوصلہ افزائی کی۔ جہاں تک مشینری خریدنے کی بات ہے تو اسے میں نے خود اپنی تسلی کرکے خریدا۔

انہوں نے کہا کہ میری حوصلہ افزائی کے لئے مجھے سعودیہ، سری نگر، یوکے اوردبئی سے بھی فون کالز آئیں، لوگوں کا کہنا تھا کہ آپ خاتون ہوکر اتنا بہترین کام کررہی ہیں۔ جس سے میری مزید حوصلہ افزائی ہوئی۔