رمیز راجہ بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36ویں چیئرمین منتخب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

رمیز راجہ بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36ویں چیئرمین منتخب
رمیز راجہ بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36ویں چیئرمین منتخب

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے رکن رمیز راجہ  کو بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا 36واں چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ آئندہ 3 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہیں گے۔ آج پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں الیکشن کمشنر جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید کی زیرِ صدارت ہوا۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں رمیز راجہ کو بلا مقابلہ پی سی بی کا چیئرمن منتخب کیا گیا جو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے 18ویں جبکہ ون ڈے میں 12ویں کپتان ہیں۔ انہوں نے 13سالہ کرکٹ کیرئیر میں 255 میچز کھیلے اور 8674 رنز بنائے۔

سال 2003 سے 2004 تک رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو رہے اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ رمیز راجہ کا شمار بہترین کرکٹ کمنٹیٹرز اور دنیا کے معروف براڈ کاسٹرز میں کیا جاتا ہے۔

کرکٹرز میں رمیز راجہ وہ چوتھے اسپورٹس مین ہیں جنہیں پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ قبل ازیں یہ عہدہ سابق کرکٹر عبدالحفیظ کاردار، جاوید برکی اور اعجاز بٹ سنبھال چکے ہیں۔ رمیز راجہ نے چیئرمین منتخب ہونے پر بورڈ آف گورنرز کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین منتخب ہونے پر اپنے خطاب میں رمیز راجہ نے کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ مضبوط کرنا اور پروان چڑھانا چاہتے ہیں جس کیلئے مل کر کام کریں گے۔ میری پہلی ترجیح قومی کرکٹ ٹیم میں ایک سوچ کو پروان چڑھانا ہے۔

نومنتخب چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں یہ نظریہ، ثقافت اور سوچ ہے جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنایا تھا۔ کرکٹ بورڈ کو قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑا ہو کر کھلاڑیوں کی ضروریات پورا کرنے کی ضرورت ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل کرکٹرز کی وجہ سے ہے اور ہمیشہ انہی سے منسلک رہے گا اور ہمارے کھلاڑی پی سی بی سے اسی پہچان اور احترام کا حق رکھتے ہیں۔ آج دوپہر کو 2 بج کر 15 منٹ پر چیئرمین پی سی بی میڈیا کانفرنس کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 18سال بعد پاکستان میں قدم رکھ دیا

Related Posts