کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں بارش کے دو الگ الگ سسٹمز کی آمد کی پیشگوئی کی ہے، جو محرم الحرام کے ابتدائی ایام اور عاشورہ کے دوران یا اس کے فوراً بعد شہر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق پہلا بارش کا سسٹم جمعہ سے کراچی میں اثر انداز ہونا شروع ہوگا جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کو بارش کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان دنوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو کچھ مشکلات کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔
بدھ کی صبح کراچی کے متعدد علاقوں میں ہلکی رم جھم نے موسم کو خوشگوار بنادیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لیاری، ماڑی پور روڈ، کلفٹن اور قرب و جوار کے علاقوں میں بوندا باندی دیکھی گئی ، آج وقفے وقفے سے یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور مغربی سمت سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جبکہ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ گرمی کی شدت شہریوں کو 36 ڈگری تک محسوس ہوسکتی ہے، اور اس وقت مغربی ہوائیں 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو کہ نمی کی موجودگی کے باعث گرمی کی شدت میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔
محرم اور عاشورہ کے دوران بارش کے یہ دو سسٹمز نہ صرف موسم کی صورتحال کو متاثر کریں گے بلکہ ممکنہ طور پر جلوسوں اور دیگر مذہبی سرگرمیوں پر بھی اثر ڈال سکتے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال پر نظر رکھیں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں بالخصوص نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد الرٹ رہیں۔