پنجاب حکومت نئے مالی سال کا 2 ہزار 653ارب روپے کا بجٹ آج پیش کرے گی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: پنجاب حکومت نئے مالی سال 22-2021ء کیلئے صوبے کا 2 ہزار 653 ارب روپے کا بجٹ آج پیش کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے 2 ہزار 653 ارب روپے کا بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں جس میں ترقیاتی پروگرامز کیلئے 560 ارب روپے رکھنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

پنجاب حکومت کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے 196ارب روپے رکھنے کی تجویز پر غور جاری ہے۔ صحت اور تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں ڈیڑھ گنا اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کے بجٹ میں کاروباری صنعت کو چھوٹ دینے کیلئے 50 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دینے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ بجٹ آج پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جس پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔

بجٹ سے قبل ایوانِ اقتدار کے حصہ دار اتحادیوں میں بڑی بیٹھک ہوئی جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی شریک ہوئے۔ اتحادیوں نے متحد ہو کر بجٹ منظور کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرِ قیادت پنجاب حکومت عوام دوست بجٹ پیش کر رہی ہے جس میں عوام کو ریلیف دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل ہوسکیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بجٹ کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت کے عوام دوست بجٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجٹ کا مرکز و محور عوام کو ریلیف دینا اور خاص طور پر پنجاب میں بسنے والے غریب کسان اور محنت کشوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہوگا۔ 

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق مہنگائی کی کمر توڑنے کیلئے خصوصی اقدامات نظر آئیں گے۔ سوشل سیکٹر کیلئے تاریخی بجٹ ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبریاں پنجاب حکومت کے بجٹ کا حصہ ہوں گی۔ مشکل وقت کے بعد اب عوام کو ڈلیور کرنے کا وقت ہے۔ اپوزیشن کا گھسا پٹا چورن بیچنے کیلئے بجٹ میں کچھ نہیں چھوڑیں گے۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل وفاقی حکومت نے 8 ہزار 487 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا جس میں صوبائی امور اور ترقیاتی امور کیلئے خطیر رقوم رکھی گئی تھیں۔ صحت و تعلیم سمیت دیگر شعبہ جات کیلئے بھی رقوم مختص کی گئیں۔

آج سے 3 روز قبل 11 جون کو پیش کیے گئے بجٹ میں خیبر پاس اکنامک کوریڈور کے پراجیکٹ کیلئے 8.5 ارب، سکھر حیدرآبادر موٹر وے کی زمین کی خریداری کیلئے 4.6 ارب، ایسٹ بے ایکسپریس وے گوادر کیلئے 2.1 ارب جبکہ 210 کلومیٹر این۔ 50 یارک ساگو ڑوب کیلئے 1.6 ارب روپے رکھے گئے۔ 

اسی طرح  ایم 8 خوشاب آواران خضدار سیکشن ٹو168 کلومیٹرکی تعمیر کیلئے 1.5 بلین، چترال بونی مستور شندور سڑک کیلئے 2 بلین اور پنجاب میں موٹروے سے منسلک سڑکوں کی تعمیر ، مین لائن ون ریلوے منصوبے کیلئے 6.2 بلین اورگوادر ایئرپورٹ کیلئے 1.1 بلین روپے مختص کئے گئے۔

مزید پڑھیں: سرکاری ملازمین کیلئے ایڈہاک پیکیج،8ہزار 487 ارب کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش