پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء منظور پشتین کوہاٹ میں گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پشاور: پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء منظور احمد پشتین کو مبینہ طور پر دھرنے میں شرکت سے روکنے کیلئے کوہاٹ میں گرفتار کرلیا گیا۔

جنوبی وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے تصدیق کی ہے کہ منظور پشتین کو پولیس نے کوہاٹ میں اس وقت گرفتار کرلیا ہے جب وہ بنوں میں دھرنے میں شرکت کے لئے جارہے تھے۔

محسن داوڑ کاکہنا ہے کہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ منظور پشتین کو جانی خیل (بنوں) میں جاری دھرنے میں شامل ہونے سے روکنے کے لئے گرفتار کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اختلاف رائے جرم نہیں ہے۔ انہوں نے منظور پشتین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔

 

سماجی کارکن عمار علی جان نے بھی منظور پشتین اور پی ٹی ایم کے کارکنوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منظورپشتین وکارکنوں کوفوری طور پر رہا کرے اور اختلاف رائے کے حق کااحترام کرے۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں مفرورملزم منظور پشتین اور محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کے کیس کی سماعت ہوئی ،جیل حکام نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو عدالت میں پیش کیا، کیس میں ضمانت پر رہا نور اللہ ترین اور دیگر 4 ملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان علی وزیر، محسن داوڑ، منظور پشتین اور دیگر پر ملک مخالف تقاریر کرنے کا الزام ہے۔ عدالت نے منظور پشتین سمیت 3مفرورملزمان کے وارنٹ جاری کردیئے۔مفرور ملزمان میں منظور پشتین، یاسین اور سفیان شامل ہیں۔