آنے والے انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کریگی، بلال غفار کی ایم ایم نیوز سے گفتگو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان تحریک انصاف کو عوام میں اس لئے پذیرائی ملی کہ ملک کے عوام تبدیلی چاہتے تھے، وزیر اعظم عمران خان نے کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا اور ورلڈ کپ کا تحفہ دیا، جب عمران خان نے سیاست میں قدم رکھا تو انہیں بھرپور پذیرائی ملی اور بہت جلد دیکھتے ہی دیکھتے تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر اُبھری۔

ایم ایم نیوز کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی بلال غفار کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا اور اس دوران اُن سے جو سیر حاصل گفتگو ہوئی اس کا احوال پیش خدمت ہے۔

ایم ایم نیوز: سیاست میں آنے کی بنیادی وجہ تھی اور تحریک انصاف کا انتخاب کیوں کیا؟

بلال غفار: سیاست کا آغاز 2010 سے کیا، جبکہ میری فیملی میں کوئی بھی سیاست میں نہیں تھا، وزیر اعظم عمران خان کا وژن دیکھ کر بہت متاثر ہوا اور سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان خاص طور پر عمران خان سے بہت متاثر ہوئے اور تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

ایم ایم نیوز: آپ کراچی کی مشہور کاروباری اور سیاسی شخصیت ہیں، کاروبار اور سیاست کو کس طرح سنبھالتے ہیں؟

بلال غفار: بہت مشکل ہوتا ہے کہ آپ ایک ساتھ اپنے خاندان، کاروبار اور سیاست کو وقت دے پائیں، نہ چاہتے ہوئے بھی زیادہ وقت سیاست کو دینا پڑتا ہے، کیونکہ سیاست فل ٹائم جاب ہے، لوگوں کی آپ سے توقعات ہوتی ہیں، حلقے کی سیاست ہوتی ہے اور مختلف امور ہوتے ہیں، ہمیں وزیر اعظم عمران خان نے ذمہ داری سونپی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ جو منصب آپ کو ملا ہے اس میں خیانت نہیں کرنی چاہئے، انشاء اللہ تعالیٰ پوری ایمانداری سے کام کرتے رہیں گے۔

ایم ایم نیوز: میڈیا میں آپ کو کراچی کا صدر بنانے پر اختلافات کی باتیں ہورہی ہیں، آپ اس حوالے سے کیا کہیں گے؟

بلال غفار: ہر جماعت میں کچھ نہ کچھ اختلافات ہوتے ہیں، علی زیدی صاحب کو سندھ کا صدر بنانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے حکم جاری کیا اور پھر سندھ کے صدر نے میرا نوٹیفکیشن نکالا، اگر کوئی کہتا ہے کہ اختلافات ہیں تو وہ وزیر اعظم عمران خان سے اختلاف کررہا ہے، یہ وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ ہے اور جب تک وزیر اعظم چاہیں گے میں اس سیٹ پر رہوں گا اور کام کرتا رہوں گا۔ہمارا چیلنج آنے والے بلدیاتی اور جنرل الیکشن میں پوری تیاری کے ساتھ اترنا ہے اور اس کے لئے علاوہ سندھ میں جبری نافذ کئے گئے بلدیاتی قانون کو ختم کرانا ہے۔

ایم ایم نیوز: آپ نے پارلیمانی لیڈر کے طور پر خدمات سر انجام دیں ہیں، اس میں کیسا تجربہ رہا؟

بلال غفار: وہ بھی اچھا تجربہ رہا، جتنا کام کرسکتے تھے کیا، ہمارے جو نئے پارلیمانی لیڈر آئے ہیں خرم شیر زمان صاحب اُمید کرتا ہوں کہ مجھ سے بہتر کام کریں گے، اپنے وقت میں کوشش کی تھی کہ تمام پارلیمنٹرین کو ساتھ لے کر اور جو پارٹی کا موقف ہے اس کو بھرپور طور پر اسمبلی میں اجاگر کریں، بھرپور اپوزیشن کی اور بھرپور اپوزیشن کرتے رہیں گے۔

ایم ایم نیوز: آپ نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کیا تیاریاں شروع کی ہیں؟

بلال غفار: انشاء اللہ تعالیٰ بہت جلد ہماری تنظیم اناؤنس ہونے والی ہے، ڈسٹرکٹ ٹاؤنز کے لیول پر، پھر آپ دیکھیں گے کہ دو سے تین ہفتوں کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی جو کمپئن ہے بلدیاتی قانون کے خلاف وہ شروع ہوجائے گی، آپ کو پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم ہر ٹاؤن اور ہر یوسی میں نظر آئے گی۔

ایم ایم نیوز: 2018میں پی ٹی آئی کو کراچی نے مینڈیٹ دیا، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ آپ لوگوں کے اعتماد پر پورا اتریں ہیں؟

بلال غفار: کراچی کے عوام کو وزیر اعظم عمران خان سے بہت امیدیں ہیں، کیونکہ کراچی کے عوام سمجھتے ہیں کہ عمران خان ہی کراچی کے مسائل کرسکتے ہیں، کراچی میں ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت بہت کام ہوئے ہیں، گرین لائن بس سروس شروع ہوگئی، کے سی آر کا پروجیکٹ شروع ہوگیا، نالوں کی صفائیاں ہوگئیں، K4کا پروجیکٹ شروع ہوگیااور ریکارڈ ترقیاتی کام ہورہا ہے، 2023کے الیکشن کے موقع پر انشاء اللہ لوگ کہیں کہ سب سے زیادہ ترقیاتی کام کراچی میں ہوئے ہیں۔

ایم ایم نیوز: لوگ کہتے ہیں کہ تحریک انصاف میں نئے چہرے سامنے کیوں نہیں آرہے؟

بلال غفار: کپتان کا فیصلہ ہے کہ کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے، کس کھلاڑی سے بولنگ کروانی ہے، کس کھلاڑی سے بیٹنگ کروانی ہے، کپتان نے سندھ کی صدارت علی زیدی صاحب کو دی ہے وہ اُن سے بیٹنگ کروا رہے ہیں، انشاء اللہ تعالیٰ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر کام کریں گے۔

ایم ایم نیوز: کراچی میں گزشتہ ہونے والے الیکشن میں پی ٹی آئی کو شکست کیوں ہوئی؟

بلال غفار:کچھ آپس کے اختلافات تھے، کوشش کریں گے کہ آپس کے جو اختلافات ہیں وہ ختم کریں، جب انسان کی خواہشات کے مطابق نتیجہ نہیں آتا ہے تو اسی سے سیکھنا ہوتا ہے، اب آپ دیکھ لیں کہ کنٹونمنٹ بورڈ فیصل جو میرا حلقہ ہے گلستان جوہر سے ہم نے کلین سوئپ کیا ہے، تمام سیٹیں ہم نے جیتیں اور وہاں ہمارا وائس پریذیڈنٹ بھی موجود ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ جہاں درستگی کی ضرورت ہے وہاں ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کو کراچی میں مزید مضبوط کریں گے۔

ایم ایم نیوز: بلدیاتی قانون کے حوالے سے پیپلز پارٹی ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے، آپ کا کیا ایکشن پلان ہے؟

بلال غفار: اسمبلی کے اندر اور اسمبلی کے باہر، کورٹ میں، غرض یہ کہ ہر فورم پر اس حوالے سے احتجاج کریں گے، پاکستان تحریک انصاف اس پر چپ نہیں بیٹھے گی۔لاڑکانہ میں ہماری تحریک کا آغاز ہورہا ہے۔

ایم ایم نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کے لئے کوئی پیغام؟

بلال غفار:پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کام کریں، آپس کے اختلافات کو ختم کریں، اسی میں ہی ہماری کامیابی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم ورک کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔