بلدیاتی الیکشن جیت کر پی ٹی آئی اپنا میئر لائے گی، خرم شیر زمان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مریم اور بھارت کا بیانیہ افواج پاکستان کے خلاف مماثلت رکھتا ہے، خرم شیر زمان
مریم اور بھارت کا بیانیہ افواج پاکستان کے خلاف مماثلت رکھتا ہے، خرم شیر زمان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان جو اپنی شعلہ بیانی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، دیکھا جائے تو انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں اپنی بہترین کارکردگی کے باعث بہت کم عرصے میں ایک منفردمقام حاصل کرلیا ہے، عوامی مسائل کی نشاندہی ہو یا اپنی پارٹی کے لئے کوئی اور کام وہ ہمیشہ پر بلند عز م، جوش اور و لوے کے ساتھ آگے آگے رہتے ہیں۔ آج ہم بات کریں گے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ء خرم شیر زمان سے اور ان سے ان کے سیاسی سفر کے بارے میں احوال لیں گے۔

ایم ایم نیوز: آپ نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کس طرح سے کیا؟

خرم شیر زمان: مجھے آج بھی یاد ہے وزیر اعظم عمران خان کا لاہور میں مینار پاکستان کا جو جلسہ تھا، اُن کی اس تقریر کو سن کر میں بہت زیادہ متاثر ہوا تھا، اس کے بعد میں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ میں سیاست میں قدم رکھوں گا اور میرا لیڈر عمران خان ہوگا۔

ایم ایم نیوز: اگر عمران خان کے ساتھ نہ ہوتے تو کہاں ہوتے؟

خرم شیر زمان: اگر میں عمران خان کے ساتھ نہ ہوتا تو کسی بھی سیاسی جماعت میں نہ ہوتا، کیونکہ کوئی بھی سیاسی جماعت اس قابل نہیں کہ اُس میں شامل ہوا جائے۔

ایم ایم نیوز: سابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی جگہ حلیم عادل شیخ کو بنا دیا گیا، اس پر آپ کی کیا رائے ہے؟

خرم شیر زمان: فردوس شمیم نقوی کو بھی وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر بنایا تھا اور حلیم عادل شیخ کو بھی وزیر اعظم عمران خان نے بنایا ہے، جو بھی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے وہ ہماری سر آنکھوں پر ہے، ظاہر ہے انہوں نے کچھ سوچ سمجھ کے ہی حلیم عادل شیخ کو اپوزیشن لیڈر بنایا ہے۔

ایم ایم نیوز: کیا کراچی میں دوبارہ مردم شماری ہونی چاہئے؟

خرم شیر زمان: جی ہاں بالکل کراچی میں ہی نہیں پورے پاکستان میں مردم شماری ہونی چاہئے، اس کا اعلان ہماری لیڈرشپ پہلے ہی کرچکی ہے اور اب جیسے ہی ممکن ہوگا اس کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے۔

ایم ایم نیوز: کیا موجودہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ ہے؟

خرم شیر زمان: ایسا بالکل بھی نہیں ہے، ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے، بلکہ اپوزیشن کو خطرہ ہے کہ ان سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لیا جارہا ہے، انہیں جیلوں میں جانے کا خطرہ ہے، الحمد اللہ اگر دوبارہ الیکشن بھی ہوتے ہیں تو وزیر اعظم عمران خان واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

ایم ایم نیوز:موجودہ صورتحال میں آپ اپنے گھر والوں کو کس طرح وقت دے پاتے ہیں؟

خرم شیر زمان: ظاہر ہے اس سیاسی گرما گرمی کے ماحول میں گھر والوں کو کم ہی وقت دے پاتا ہوں، صبح 10بجے گھر سے نکل جاتا ہوں اور رات کو 11سے 12بجے تک پارٹی کے کاموں میں وقت گزرتا ہے، کوئی بھی اچھا سیاستدان جب تک نہیں بن سکتا جب تک وہ کم سے کم روزانہ 12گھنٹے اپنی پارٹی کو نہ دے۔

ایم ایم نیوز: پاکستان تحریک انصاف کا اثاثہ کون ہے؟

خرم شیر زمان: میں سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی کا اثاثہ وزیر اعظم عمران خان ہیں، کیونکہ انہوں نے ہمیں ہماری سمت سمجھادی ہے اور ہم سمجھ گئے ہیں کہ ہمیں کس سمت کی جانب چلنا ہے، وزیر اعظم کا دیا ہوا نظریہ ہماری پہچان ہے۔

ایم ایم نیوز: مریم نواز کو تین الفاظ میں بیان کریں؟

خرم شیر زمان: ”نا سمجھ خاتون“ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

ایم ایم نیوز: بلاول بھٹو کو تین الفاظ میں بیان کریں؟

خرم شیر زمان: ”ابھی بچہ ہے“ اسے ابھی وقت لگے گا۔

ایم ایم نیوز: آئندہ دس سال میں آپ اپنے آپ کو کہاں دیکھتے ہیں؟

خرم شیر زمان:یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ مگر میں نے جو ٹارگٹ سیٹ کیا ہوا ہے اس پر پہنچنے کی پوری کوشش کروں گا، مگر آپ سے یہ شیئر نہیں کرسکتا کہ میرا ٹارگٹ کیا ہے۔

ایم ایم نیوز: کراچی میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں آپ تحریک انصاف کو کہاں دیکھ رہے ہیں؟

خرم شیر زمان: کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں انشاء اللہ پی ٹی آئی اپنا میئر لے کر آئے گی اور بھرپور انداز میں کامیابی حاصل کرے گی۔

Related Posts