پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائی اور حکومت کے ساتھ ثالثی کےلئے جماعت اسلامی سے رابطہ کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس بات کا دعویٰ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کیا اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے کچھ عرصہ قبل ہمارے ساتھ رابطہ کیا کہ ثالثی کروا دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ان سے کہا کہ پہلے جاکر عمران خان سے منڈیٹ لیکر آؤ۔ حافظ نعیم کے مطابق ہم نے کہا کہ جماعت اسلامی ثالثی کروانے کےلیے تیار ہے مگر ہم حکومت سے اس وقت بات کریں گے جب آپ پہلے مکمل منڈیٹ لیکر آئیں گے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت پر واضح کردیا ہے کہ ثالثی کروانے کےلیے ضروری ہے کہ پہلے آپ کے درمیان شفافیت لائی جائے، ہم نے اپنی جماعت کا اجلاس بلا کر فیصلہ کیا کہ اگر پی ٹی آئی بانی اپنی بات پر قائم رہتے ہیں اور ثالثی کا منڈیٹ دیتے ہیں تو پھر حکومت سے بات کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ وقت ہے ہمیں سب کو ملکر ملک کو آگے لیکر چلنا ہے، اس وقت بے شمار مسائل ہے جن کو سب نے ملکر ملک کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔