بارش کے دوران کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی شاندار کارکردگی، آفتاب صدیقی کا خراجِ تحسین

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں مون سون بارشوں کے آغاز میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی شاندار کارکردگی پر پی ٹی آئی رہنما و رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور رکنِ سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے بورڈ حکام کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ شہریوں کی شکایات بر وقت دور کیں۔

گزشتہ برس مون سون سیزن کے دوران کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی حدود میں بے شمار مسائل بر وقت حل نہ ہوسکے۔ رواں برس تمام تر شکایات کے ازالے کیلئے سارا سال تیاریاں کی گئیں۔

نالوں کی صفائی کی گئی۔ نئی گٹر لائنز لگائی گئیں جس کی وجہ سے گزشتہ روز کی بارشوں کے دوران کوئی بڑا مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی ٹیم ہائی الرٹ رہی جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ڈپٹی سی ای او ڈاکٹر رضوان کی زیرِ گرانی کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی ٹیم نے عوامی شکایات سامنے آنے پر ان کے ازالے کیلئے ڈپٹی سی ای او سے احکامات لے کر شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا۔ 

گزشتہ روز کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے زیرِ انتظام علاقوں ڈی ایچ اے، کلفٹن بلاک 8، 9 اور منسلک کالونیز میں بارش کا پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ بھاری مشینری کا استعمال کرکے بروقت نکاسی ممکن بنائی گئی۔

اراکینِ اسمبلی آفتاب صدیقی اور شہزاد قریشی کا کہنا ہے کہ اگر کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن اسی طرح شاندار کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھے تو جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یومِ شہدائے کشمیر آج منایا جارہا ہے، پاکستان کا 22شہداء کو خراجِ تحسین