عمران خان کو بدترین حکمران کے طور پر یاد رکھا جائے گا، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PTI govt is the most corrupt government in the history of the country: Bilawal Bhutto

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ سرکار ہے۔ عمران خان کو ایک ایسے بدترین حکمران کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس نے احتساب کا نعرہ لگا کر کرپشن کو فروغ دیا۔ عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹیں لہرا کر سب کو کرپٹ کہتے تھے اور آج وہی ادارہ کہہ رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سب سے زیادہ لوٹ مار کی۔

اپنے ایک خصوصی بیان میں ان کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کے لیے ان کے خلاف جعلی ثبوت ڈھونڈنے کا ٹھیکہ غیر ملکی فرم کو دینے والوں نے خود اس ادارے کو اربوں روپے جرمانہ ادا کیا۔ کرپشن کے جھوٹے الزامات کی مہم جوئی، مقدمات اور تحقیقات میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے قوم کے اصل مجرم ہیں۔ احتساب کو ہتھیار بنا کر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے والے عمران خان کو تاریخ کے کوڑے دان میں بھی جگہ نہیں ملے گی۔

مزید پڑھیں:مریم نواز کا این اے 249 میں شکست پر دھاندلی کا الزام، نتیجہ روکنے کا مطالبہ

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ کیا یہ سیاسی انتقام نہیں کہ تحقیقات میں پی ٹی آئی وزراء اور مشیروں پر کرپشن ثابت ہوئی مگر محض الزام کی بنیاد پر صرف خورشید شاہ قید میں ہیں۔ کرپشن تو صرف ایک بہانہ ہے، عمران خان کا اصل مقصد احتساب کے نام پر سیاسی انتقام لے کر اپنے اقتدار کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانا ہے۔ اگر کرپشن کے جھوٹے الزامات کی رٹ لگانے والوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالا گیا تو بدعنوانی کی ہوشربا داستانیں سامنے آئیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف صرف فارن فنڈنگ کے ایک کیس کا فیصلہ آ جائے تو قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہو سکتا ہے۔ احتساب کا نعرہ تو عمران خان کا ایک کیموفلاج ہے کہ جس کی آڑ لے کر سلیکٹڈ وزیر اعظم مافیاز کی سرپرستی کرتے ہیں۔ عمران خان کے سرمایہ دار دوستوں کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ عمران خان کے احتساب کے غبارے سے اسی دن ہوا نکل گئی تھی کہ جب وزیر اعظم نے کالا دھن سفید کرنے کے لیے ایمنسٹی اسکیم دی۔

انہوں نے کہا کہ سوال تو اٹھیں گے کہ گندم، چینی، پیٹرول اور ادویات کے بحرانوں سے اربوں روپے بنانے والے عناصر کو عمران خان نے کس ڈیل کے تحت ڈھیل دی۔ پی ٹی آئی 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئی اور اتنی کرپشن کر دی کہ اگلے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے۔

ہم نے شروع میں ہی حکومت کو بتا دیا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے مگر عمران خان نہیں مانے اور ملکی معیشت تباہ ہو گئی۔

Related Posts