پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ: رات 12 سے صبح 6 بجے تک سم کارڈز کی فروخت پر پابندی عائد

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں غیر قانونی سموں کے اجرا کی روک تھام اور سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام موبائل فون کمپنیوں پر ملک بھر میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سم کارڈز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تمام موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک ملک بھر میں سم کارڈز کی فروخت معطل رکھی جائے۔ یہ فیصلہ جعلی اور غیر قانونی سموں کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ صارفین کے تحفظ اور شفاف ٹیلی کام نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

ہدایت نامے کے مطابق تمام مجاز فرنچائزز، ریٹیلرز اور دیگر سیل پوائنٹس ان اوقات کار کی پابندی کے ذمہ دار ہوں گے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹیلی کام قوانین کے تحت سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف مجاز مراکز سے مقررہ اوقات میں سم خریدیں اور سم کی فعال سازی سے قبل بائیو میٹرک تصدیق لازمی مکمل کریں۔

مزید کہا گیا ہے کہ اگر کہیں ان ہدایات کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئے تو شہری فوری طور پر پی ٹی اے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، ڈیجیٹل اسسٹنٹ واٹس ایپ یا ٹول فری نمبر کے ذریعے اطلاع دیں۔

یہ اقدام صارفین کے مفادات کے تحفظ، سموں کے غلط استعمال کی روک تھام اور ملک میں محفوظ و شفاف ٹیلی کام ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Posts