لاہور: صوبہ پنجاب میں ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی نفسیاتی پروفائلنگ اور نفسیاتی مسائل کا شکار متاثرہ پولیس اہلکاروں سے اسلحہ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں ایک کانسٹیبل کے ہاتھوں ہیڈ کانسٹیبل کے قتل کے بعد پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے تمام اسٹاف کی نفسیاتی پروفائلنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی نے تمام آر ایس پیز کو خط لکھ دیا۔
آر ایس پیز کو تحریر کیے گئے خط میں ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ تمام اہلکاروں کو نفسیاتی پروفائلنگ کے عمل سے گزارا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی اہلکار میں کسی بھی قسم کے نفسیاتی مسئلے کی تشخیص ہوئی تو اس سے اسلحہ واپس لے لیا جائے۔ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ 15 روز میں تمام اسٹاف کی نفسیاتی پروفائلنگ مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس نے کراچی پولیس کے ایس پی راجہ ارشد کی جان لے لی