واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ نیا معاہدہ کر رہا ہے، اور یہ نیا معاہدہ سابق معاہدے سے بہتر ہوگا جو سابق صدر باراک اوباما اور جوبائیڈن کے دور میں ہوا تھا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات جلد ہوں گے اور اس سلسلے میں پیشرفت کے واضح امکانات ہیں۔ دونوں ممالک بات چیت کے سنجیدہ عمل میں شریک ہیں اور کوئی بھی فریق وقت ضائع نہیں کررہا۔
سوشل میڈیا پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ سابق جوہری معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی طرف لے جارہا تھا، لیکن ہماری زیر نگرانی تیار معاہدے میں ایسا کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ ماضی میں 1.7ارب ڈالرز ایک بوئنگ 757 کے ذریعے ایران کو منتقل کیے گئے۔

پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ رقم ایرانی قیادت کو آزادانہ استعمال کیلئے دے دی گئی۔ اس کے علاوہ بھی ایران کو سیکڑوں ارب ڈالرز ادائیگی کی گئی۔ اگر ہم یہ معاہدہ ختم نہ کرتے تو اسرائیل اور مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر جوہری خطرات ہوسکتے تھے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ہماری قیادت میں ایران کے ساتھ معاہدہ ہوا تو یہ معاہدہ امن اور سلامتی کی ضمانت فراہم کرے گا جس سے نہ صرف اسرائیل بلکہ پورے مشرق وسطیٰ، یورپ اور پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا اور دنیا ایران اور امریکا کے مابین ہونے والے نئے معاہدے پر فخر کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








