گلگت،پیپلزپارٹی کی جانب سے مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج، حالات کشیدہ ہوگئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گلگت:گلگت بلتستان الیکشن میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے محکمہ فاریسٹ کا آفس اور چار گاڑیاں نذر آتش کردیں۔ مظاہرین نے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کیا، مذکورہ علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کے بعد مشتعل مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اس موقع پر لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

گلگت بلتستان کے ڈی آئی جی کا موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہنا ہے کہ شہر کے حالات اب قابو میں ہیں، ہم شرپسند عناصر کے خلاف مکمل تیار ہیں۔ نامعلوم لوگوں نے شہر میں 3 سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔ فاریسٹ آفس پر لگانے والی آگ پر بھی فوری قابو پا لیا ہے۔ پولیس ملوث افراد کے خلاف سرگرم عمل ہو چکی ہے، جلد گرفتار کرینگے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی قیادت نے مظاہرین پر فائرنگ اور شیلنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ شیری رحمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے کارکن گلگت بلتستان میں دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ پرامن مظاہرین پر شیلنگ اور فائرنگ کرنا قابل مذمت ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما ء شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف طاقت کی لالچ میں اندھی ہو چکی ہے۔ 126 دن ملک کو یرغمال کرنے والے پیپلز پارٹی کا پرامن احتجاج برداشت نہیں کرتے۔

شیری رحمان نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے گاڑیاں جلا کر افراتفری پیدا کرنے کی سازش کی۔ چیف الیکشن کمشنر بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، وہ معاہدے مطابق ووٹوں کا فرانزک آڈٹ نہیں کروا رہے۔ہمارے ساتھ بدترین دھاندلی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار حلقوں کی بنیاد پر ملک کو بند کرنے والے ہمارے مطالبے پر ایک حلقے کا فارنزک آڈٹ نہیں کروا رہے۔ ہم اب 2018ء کا دھاندلی ماڈل گلگت بلتستان میں نہیں چلنے دینگے۔ دھاندلی سرکار اب بے نقاب ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان کا امن خراب ہوا تو ذمہ دار وزیراعظم ہونگے۔

دوسری جانب سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ گلگت میں الیکشن چوری ہونے کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر تشدد شرمناک ہے۔ گلگت میں جیالوں پر گولیاں اور شیلنگ وفاقی حکومت کا اندھا انتقام ہے۔ گلگت بلتستان کے متنازع انتخابات کے نتائج بھیانک نکلیں گے۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں شکست پر انہیں سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جانا چاہیے۔ گزشتہ روز پی ڈی ایم رہنماؤں کی مایوسی قابل دید تھی۔ این آر او کے متلاشی پی ڈی ایم رہنما شہر شہر سرگرداں پھر رہے ہیں۔ ان کی جلسیاں حکومت کیلئے نہیں، عوام کے روزگار کیلئے خطرہ ہیں۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سیاسی مفاد پرستوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے۔