کراچی: شہر قائد کو پانی فراہم کرنے والے اہم مرکز دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر گزشتہ شب 12 بج کر 20 منٹ پر کے الیکٹرک کا بڑا بریک ڈاؤن پیش آیا جس کے باعث شہر کو پانی فراہم کرنے والی مرکزی لائن نمبر 5 دو مختلف مقامات سے متاثر ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لے کر فوری کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) احمد علی صدیقی کی خصوصی ہدایت پر مرمتی کام رات گئے بھی بغیر کسی وقفے کے جاری رکھا گیا۔
مرمتی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی سپرنٹنڈنگ انجینئر بلک، اقبال پلیجو خود کر رہے ہیں جبکہ چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم سید محمد اعجاز بھی جائے وقوع پر موجود ہیں اور تمام کام کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔
ترجمان عبدالقادر شیخ کے مطابق اب تک متاثرہ لائن پر ایک مقام پر لیکیج کی مرمت مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دوسرے مقام پر مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مکمل بحالی ممکن ہو جائے گی۔
بریک ڈاؤن کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کا سیکنڈ فیز بھی بند ہو گیا تھا جس سے چار پمپ مکمل طور پر معطل ہو گئے تھے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے 17 گھنٹے طویل بجلی کی بندش کے بعد شام 5 بجے بجلی کی مکمل بحالی ممکن ہو سکی جس کے بعد دو پمپ فوری طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ جیسے ہی متاثرہ لائن کی مرمت مکمل ہو گی باقی دو پمپ بھی فعال کر دیے جائیں گے تاکہ شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کی جا سکے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ واٹر کارپوریشن سے تعاون جاری رکھیں اور پانی کے استعمال میں احتیاط سے کام لیں تاکہ اس عارضی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔