پاپ شاپ۔۔”خواتین کی بزنس کےشعبےمیں رہنمائی کیلئےایک انقلابی قدم”

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کاروبار اور معیشت پر دنیا میں ہر جگہ مرد ہی چھائے ہوئے ہیں، تاہم وقت گزرنے اور تعلیم و شعور میں اضافے کے ساتھ اب خواتین بھی دیگر شعبوں کی طرح کاروبار و معیشت کے مختلف میدانوں میں  پورے اعتماد  سے اپنا ہنر اور صلاحیتیں آزما رہی ہیں۔

ایسی ہی باہمت اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کے ایک گروپ نے گزشتہ دنوں کراچی میں ایک ایسی تجارتی نمائش کا انعقاد کیا، جس میں خواتین ہی سب کچھ تھیں، “پاپ شاپ” کے عنوان سے معنقد کی گئی اس دو روزہ کامیاب نمائش میں خواتین کی ہوم میڈ اشیاء، دستکاری کے خوبصورت نمونے، جیولری، لیدرکرافٹ، ہوم ٹیکسٹائل، اسکن کیئر سمیت متعدد اشیاء پیش کی گئیں، جس میں نمائش کے شرکا نے بڑی دلچسپی لی۔

یہ بھی پڑھیں:

سینئر صحافی ارشد شریف کا قتل، شوبز شخصیات بھی غم سے نڈھال

نمائش کی منتظمین نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ اس نمائش کا مقصد خواتین کی گھریلو صنعت اور خواتین کیلئے گھر بیٹھے کاروبار کی حوصلہ افزائی اور سہولت مہیا کرنا ہے۔ منتظمین نے بتایا کہ ان کا مقصد خواتین کی کاروبار کے شعبے میں حوصلہ افزائی اور رہنمائی بھی ہے تاکہ وہ گھر بیٹھے با عزت طریقے سے کما کر اپنی ضروریات پوری کرسکیں۔

ایم ایم نیوز نے نمائش میں حصہ لینے والی خواتین سے بات چیت کی اور ان کے کاروباری سفر کے متعلق جاننا چاہا۔ ایک خاتون نے بتایا کہ اپنا کاروبار شروع کرنا ایک عورت ہونے کے ناتے ان کیلئے کسی طرح بھی آسان نہ تھا۔ ہمارے معاشرے میں گھر سے بازار تک ہر جگہ عورت کیلئے اس حوالے سے اچھی خاصی مشکلات قدم قدم پر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے 2016 میں ہمت کرکے  اپنا بزنس اسٹارٹ کیا، آج الحمد للہ ہم کامیابی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

نمائش میں شریک ایک اور کاروباری خاتون نے بتایا کہ ہمارا کام دیکھ کر دیگر خواتین کو بھی ہمت مل رہی ہے۔ اب مرد حضرات بھی اپنی بیویوں کا دستکاری کا کام لیکر ہمارے پاس آتے ہیں، جو کاروبار اور معیشت میں خواتین کی شراکت کے حوالے سے ایک اچھی پیشرفت ہے۔

نمائش میں شریک آن لائن بزنس سے وابستہ ایک باہمت نوجوان خاتون نے بتایا کہ سب سے پہلے کام کا آغاز کرنا قدرے مشکل تھا، اس کے بعد دوسرے نمبر پر کسٹمرز کا اعتماد حاصل کرنا ایک اہم چیلنج ہے، جس کا ہمیں بھی سامنا ہوا، مگر اس طرح کی نمائشوں میں حصہ لینے سے ہمارا لوگوں سے تعارف اور رابطہ بڑھا اور آج الحمد للہ ہم ایک مستحکم مقام پر کھڑے ہیں۔

نمائش میں شریک ایک خاتون نے ایسی نمائشوں کو خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مواقع   ملنے چاہئیں، جب بھی خواتین کو مواقع ملتے ہیں، وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا بڑی کامیابی سے منواتی ہیں۔