اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے توانائی بچت پلان پر عملدرآمد اور متبادل توانائی کے استعمال کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کے روز ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں توانائی بچت پلان پر بحث ہوئی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امپورٹ بل میں کمی لانا ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
مولانا طارق جمیل کے متعلق کینیڈا کے اسپتال سے پیغام جاری
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ دہشت گردی کا عفریت جڑ سے ختم کردیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سکیورٹی فورسز کو سراہا گیا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اراکین نے پاور ڈویژن کے پیش کردہ توانائی بچت پلان پر تبادلۂ خیال کیا۔ اسٹیک ہولڈرز سے اب تک ہونے والی مشاورت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں سمیت اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مجوّزہ بچت پلان کا نفاذ یقینی بنائیں، ہمیں من حیث القوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری برتنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ وزارت کو پاکستان میں ونڈ کی استعداد پر رپورٹ پیش کرنے اور دفاتر میں بجلی کے اخراجات 30فیصد کرنے پر کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔