وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کا سیلاب سے متاثرہ ضلع دادو کا دورہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دادو: وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والے چیلنج پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف ضلع دادو کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ انہیں مزید آگے آنا چاہئے،کیونکہ اکیلا پاکستان اس بے مثال صورتحال کو خود نہیں سنبھال سکتا۔انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان کو تیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیویارک میں اپنی ملاقاتوں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران پاکستان کو درپیش مسائل کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔

شہباز شریف نے سیلاب زدگان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست یا سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں ہے بلکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداداور بحالی پر توجہ دینے کا ہے۔

دریں اثناء وزیراعظم نے جکھرو میں ٹینٹ سٹی میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہیں سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ بچوں کے لیے قائم کیے گئے عارضی ٹینٹ سٹی اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء سے ملاقات کی اور انہیں بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے سمارٹ اسکول قائم کرنے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں:بلوچستان،2 بچیاں سیلابی پانی میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئیں

شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دادو میں کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں سیلاب اور بارش سے 37 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔