سیلاب متاثرین کیلئے غیر معیاری ڈیش بورڈ بنانے پر وزیر اعظم برہم، افتتاح سے انکار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ریئل ٹائم ڈیش بورڈ کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال اور امین الحق آپ نے پوری کوشش کی ہے لیکن یہ ڈیش بورڈ اس معیار کا نہیں ہے جس طرح کا ہونا چاہیے تھا۔

اسلام آباد میں سیلاب متاثرین کی امداد کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم کا ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر اس میں ریئل ٹائم میں انفارمشین نہیں آرہی تو کیا فائدہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ناکافی ہے ہم ایک دوسرے کا وقت ضائع کر رہے ہیں، میں آج اس کا افتتاح نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، اس میں متعلقہ معلومات نہیں ہیں اور انٹرفیسنگ نہیں ہے تو یہ کیسا ڈیش بورڈ ہے، اگر آپ نے اس میں محکمہ موسمیات کو انٹرفیس ہی نہیں کیا تو یہ کیسا ڈیش بورڈ ہے؟ اسے ردی کی ٹوکری میں ڈال دینا چاہیے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس کو یہیں پر رکھیں، یہ مذاق ہے، میں کوشش کی بالکل نفی نہیں کر رہا، احسن اقبال اور امین الحق آپ نے پوری کوشش کی ہے لیکن یہ ایسا ڈیش بورڈ نہیں ہے جو ہم سوچ رہے تھے، یہ تو ایک اسٹیشنری چیز ہے جس میں آپ اعداد و شمار بھر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ڈینگی کی بات کرتا ہوں، اگر میں جاننا چاہوں کہ کہاں پر ہاٹ اسپاٹ ہیں، اس کو بتانا چاہیے، یہ وہ چیز نہیں ہے جو قوم چاہتی ہے یا میں چاہتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بات تو یہ ہے کہ تقسیم کیا ہو رہی ہے؟ رضائیاں کہاں جا رہی ہیں؟ بے بی فوڈ کہاں جارہا ہے؟ پانی کہاں جارہا ہے؟ فلٹر پلانٹ کہاں لگ رہے ہیں؟

اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شہباز شریف کو بتایا کہ ان لوگوں نے مختصر وقت میں بہت اچھا ٹول بنا دیا ہے اور جب اس میں ڈیٹا لوڈ ہوتا جائے گا تو اس کی صلاحیت بڑھتی جائے گی، اس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ اس معیار کا نہیں ہے جس کا ہونا چاہیے تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر میں پوچھنا چاہوں کہ خدانخواستہ کلاؤڈ برسٹ کا کوئی چانس ہے اس کے پاس اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہے، ڈیش بورڈ اسی کام کے لیے ہے اور کس کام کے لیے ہے؟

یہ بھی پڑھیں:

شہریوں نے بچے اغوا کرنے والی آنٹی دھرلی

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات سید امین الحق نے وزیراعظم سے کہا کہ جو ہدایت آپ نے دی ہیں اس کے مطابق اس کو بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے تاہم آج اس کا افتتاح کردیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم اس کا عارضی طور پر افتتاح کر دیتے ہیں، آپ کوئی تاریخ بتا دیں، ان سے ڈیش بورڈ بہتر کرنے کے لیے اگلے پیر تک کی مہلت مانگی گئی، اس پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب اگلے پیر کو اس کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ چیز بنائیں جس پر قوم کو فخر ہو، ہم سب کو فخر ہو، اور عالمی فورمز پر لے کر جائیں تو وہ یہ کہیں کہ کمال کا ڈیش بورڈ ہے۔

خیال رہے کہ ڈان اخبار کی 12 ستمبر کی رپورٹ کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے امدادی رقوم کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کی خاطر وفاقی حکومت نے ایک ’ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو عوام کو متعلقہ حکام کی جانب سے کیے گئے امدادی اقدامات سے باخبر رکھے گا۔

Related Posts