دوحہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے 2 روزہ سرکاری دورے کے پہلے روز قطری دارالحکومت پہنچنے کے بعد قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سربراہ منصور بن ابراہیم المحمود سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحہ میں قطر سرمایہ کاری اتھارٹی کے سی ای او منصور محمود سے ملاقات کے دوران پاکستان میں تحفظِ خوراک، ہوا بازی اور دیگر شعبہ جات پر بات چیت کی۔
قطر کا 2 روزہ سرکاری دورہ، وزیر اعظم شہباز شریف دوحہ پہنچ گئے
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قطری سرمایہ کاری اتھارٹی کے سربراہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میری ٹائمز، توانائی، سیاحت اور پیٹرولیم کے شعبہ جات میں قطر کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف قطر کے 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے دوحہ پہنچ گئے جہاں قطری حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
آج وزیر اعظم شہباز شریف قطر کے 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے قطری دارالحکومت دوحہ کے حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے مابین دوستانہ تعلقات کی بنیادیں گہری ہیں۔
دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم قطر کے 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران قطری حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں توانائی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے اور دو طرفہ تعاون پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔