وزیرِ اعظم بجٹ تجاویز کی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کریں گے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت بجٹ 22-2021ء پر تجاویز کی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان بجٹ تجاویز پر غوروخوض کیلئے ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کریں گے جس میں تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز پر بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

بجٹ کے علاوہ وفاقی کابینہ دیگر قومی و سیاسی امور پر بھی غور اور فیصلے کرے گی۔اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی جائے گی۔ 

یاد رہے کہ تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت کا بڑا امتحان آج ہوگا، وزیرِ خزانہ شوکت ترین 8 ہزار ارب سے زائد کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت اپنے دور کے تیسرے مالی سال کا بجٹ پیش کرے گی جس کا تخمینہ 8 ہزار 400 ارب لگایا گیا ہے۔ بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5 ہزار 800 ارب سے زائد ہوگا۔

قومی اسمبلی میں وزیرِ خزانہ شوکت ترین تیسرے مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے جس میں دفاعی اخراجات کا تخمینہ 1 ہزار 330 ارب روپے ہوگا۔ حکومت قرضوں کی واپسی پر بھی توجہ دے رہی ہے جبکہ سود کی ادائیگی کیلئے 3 ہزار 100ارب رکھے گئے ہیں۔

وفاقی وزیرِ خزانہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ہدف 2 ارب 30 کروڑ ڈالر رکھنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا امتحان، وزیرِ خزانہ 8ہزار ارب سے زائد کا بجٹ آج پیش کریں گے