حکومت کا مقصد پاکستان کو حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانا ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان

کالمز

Role of Jinn and Magic in Israel-Iran War
اسرائیل ایران جنگ میں جنات اور جادو کا کردار
zia
ترکی کا پیمانۂ صبر لبریز، اب کیا ہوگا؟
zia
جنوبی شام پر اسرائیلی قبضے کی تیاری؟

اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کا ویژن ریاستِ مدینہ کی طرز پر پاکستان کو حقیقی جمہوری اور فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یومِ پاکستان کے موقعے پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم قانون، مساوات اور ہمدردی کی بنیاد پر ریاستِ مدینہ کی طرح پاکستان کو ایک ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

یومِ پاکستان کی تاریخی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء ایک اہم موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کی زنجیروں سے آزادی کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح اور تحریکِ آزادی کے تمام قائدین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے برطانوی ہند کے مسلمانوں کو متحد کرکے آزاد مسلم ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کی۔

عمران خان نے کہا کہ جدوجہدِ آزادی کا اختتام 14 اگست 1947ء کے روز ہوا جب پاکستان آزاد مسلم ریاست بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ یومِ پاکستان کے موقعے پر ہمیں قائدِ اعظم کے اصولوں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

قوم کے نام پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے اتحاد اور افہام وتفہیم سے ماضی میں بے پناہ چیلنجز کا کامیابی کے ساتھ سامنا کیا۔ آج ہمیں کورونا کے خلاف مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم اس آزمائش میں بھی سرخرو ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا جنہیں بھارت کے بد ترین ظلم و جبر کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی ہمت اور عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کے حل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ثابت قدم رکھے۔ 

یاد رہے کہ ملک بھر میں یومِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جو ہر سال 23 مارچ کے روز قراردادِ پاکستان 1940ء کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

 بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوؤں سے الگ آزا د وطن حاصل کیا۔ تحریکِ آزادی میں قراردادِ پاکستان کی منظوری کو اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں یومِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے