اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی عدالتوں پر اثرانداز ہونے اور حملے کرنے کی تاریخ ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے سابق جج کے حلف نامے کا معاملہ زیر بحث آیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر اور بیرسٹر علی ظفر نے اجلاس کو معاملے سے متعلق قانونی امور پر بریفنگ دی۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ لگتا ہے کہ اس منصوبے کے پیچھے ن لیگ کا ہاتھ ہے، بیان حلفی کا مقصد مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کو متنازعہ بنانا ہے۔بیرسٹر ظفر نے کہا کہ ن لیگ کو عدالتی کارروائی متاثر کرنے پر توہین عدالت کا جوابدہ ہونا چاہیے۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کی عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی اپنی تاریخ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس نے ہمیشہ ریاستی اداروں پر حملے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مافیا اپنے مقدمات سے بچنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: رانا شمیم کون ہیں اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر کیا الزامات لگائے ہیں؟