بڑے بڑے ڈاکوؤں اور قبضہ مافیا کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، وزیر اعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ساہیوال: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کر رہے ہیں، اپوزیشن کے نامور ڈاکوؤں کی تنقید کو اعزاز سمجھنا چاہئیے، یہ اگر میری تعریف کرے تو میں اپنی توہین سمجھوں گا۔وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

وزیراعظم عمران خان کا ساہیوال میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت مل کر پارلیمنٹ چلاتے ہیں۔

اپوزیشن نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آر او مانگنے کیلئے استعمال کیا، پارلیمنٹ کے اندر عوامی مفاد کی جو بحث ہونا چاہیئے تھی وہ نہیں ہو سکی،وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیل ہی ہونا تھا، سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بھگوڑا لندن میں بیٹھ کر انقلاب لانے کی کوششوں میں مصروف ہے، یہ سب پارٹی کو اکٹھا رکھنے کیلئے حکومت جانے کی تاریخیں دیتے ہیں۔ فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہے اور ان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے، فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے ارب پتی بنے، وہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے ابھی سے ریٹ لگنا شروع ہو چکے ہیں، ہمیں معلوم ہے کونسا سیاسی لیڈر پیسے لگا رہا ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلیٹنگ کیلئے آئینی ترمیم کا رہے ہیں، کرپشن کو روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں، سب کو پتا ہے کہ اسامہ بن لادن نے کس کو پیسے دئیے تھے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اکاونٹس کی اسکروٹنی ہوئی تو تحریک انصاف کے اکاونٹس شفاف نکلیں گے، ہم نے الیکشن کمیشن میں 40 ہزار اکاونٹس کا ڈیٹا دیا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ جماعتیں ایک ہزار اکاونٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی پشت پناہی کے بغیر سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں ہو سکتا، مریم نواز نے غیر قانونی کھوکھر پیلس پر کھڑے ہو کر قبضہ مافیا سے اظہار یکجہتی کیا، کھوکھر برادران نے 130 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا، خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز قبضہ مافیا کی حمایت کر رہی ہیں۔

عمران خان نے لاہور میں قبضے کی زمین پر تعمیر کردہ کھوکر پیلس گرانے پر عثمان بزدار کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنا اور قبضہ گروپ کے محل گرانا یہ ہوتی ہے تبدیلی، لاہور کے سب سے بڑے قبضہ گروپ کی پشت پر نواز شریف اور اس کی حکومت کھڑی تھی، میں نے وہ محل گرتے دیکھا، لوگ پوچھتے ہیں تبدیلی کہاں ہے تو یہ ہوتی ہے تبدیلی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں ہر سیاسی رہنماء نے سرکاری زمینوں پر قبضے کئے، جب ملک کا ایک وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کسی کو کون روکے گا، بڑے بڑے ڈاکوؤں اور قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جس فورم پر اپوزیشن کے خلاف فیصلہ آئے وہ اس کو نہیں مانتے، نیب ان کی کرپشن پکڑ رہی ہے یہ نیب کو بھی نہیں مانتے، ماضی میں یہ ججز سے اپنی مرضی کے فیصلے کرواتے رہے، (ن) لیگ نے مرضی کا فیصلہ نہ آنے پر سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔