وزیر اعظم عمران خان کی سعودی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر اعظم عمران خان کی سعودی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کا اعلامیہ جاری
وزیر اعظم عمران خان کی سعودی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات اور دورۂ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق سعودی قیادت نے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔

دورۂ سعودی عرب اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا اور شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان نے خطے میں فوجی تنازعات سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

اعلامیے کے مطابق پاک سعودی اعلیٰ قیادت ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، توانائی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام شعبہ جات میں باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ اور مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور وادی پر بھارت کی جارحیت کے ساتھ ساتھ ستر روز سے زائد مسلسل کرفیو کی شدید مذمت کی اور سعودی قیادت کو اس کے نقصانات سے آگاہ کیا۔

سعودی قیادت نے وزیر اعظم عمران خان کے سفارتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے مسئلۂ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جبکہ اس حوالے سے عالمی سطح پر جاری تعاون کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی قیادت کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سفارتی کوششیں خطے میں جاری تناؤ اور کشیدگی کے عوامل کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی جبکہ اس حوالے سے پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے میں دونوں طرف سے اتفاق پایا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاک سعودی تعلقات باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ فریقین کو خلیج میں فوجی تنازعات سے بچنے کے لیے تعمیری رابطے استوار کرنے چاہئیں جبکہ پاکستان سعودی عرب کا ہمیشہ ساتھ دے گا۔

برادر اسلامی ممالک کے مابین تجارت، توانائی، سلامتی اور دفاع کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی جس میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ 

یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان  سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے بعد روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے لیے مدینہ پہنچے جہاں نوافل کی ادائیگی کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔

وزیر اعظم عمران خان سرکاری وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے مدینہ منورہ پہنچے  تو مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم پاکستان عمران خان مدینہ میں حاضری کے بعد وطن واپس روانہ

Related Posts