پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کیوئسٹ حسنین اختر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے آئی بی ایس ایف (IBSF) ورلڈ انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
حسنین اختر یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ بحرین میں کھیلے جانیوالے ایونٹ کے فائنل میں حسنین اختر نے ویلز کے رائلی پاویل کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 سے شکست دی۔
انہوں نے پورے میچ میں ایک بھی فریم ڈراپ نہیں کیا۔ پاکستانی کھلاڑی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلہ 7-86، 35-73، 31-50 اور 4-98 سے اپنے نام کیا۔
حسنین اختر نے پہلے فریم میں 44 اور چوتھے فریم میں 67 کا یادگار بریک کھیلا۔ حسنین اس سے قبل ایشین انڈر 21 چیمپئن بھی رہ چکے ہیں اور اب وہ ورلڈ انڈر 17 ٹائٹل جیت کر پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز لے آئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے نسیم اختر نے 2017 میں آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 18 چیمپئن شپ جیتی تھی، تاہم 2023 میں آئی بی ایس ایف نے انڈر 18 کیٹیگری کو ختم کر کے اسے ورلڈ انڈر 17 چیمپئن شپ میں تبدیل کر دیا تھا۔