پاکستانی جوانوں کی بین الاقوامی ٹیموں کو مات! فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کھلاڑیوں کی کارگردگی کو سراہا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کھاریاں میں 9واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ فیلڈ مارشل نے شریک ٹیموں کی پیشہ وارانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کی تعریف کی اور مشق میں ان کے جذبہ اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مقابلہ 60 گھنٹوں پر محیط ایک سخت اور پیشہ ورانہ پیٹرولنگ مشق ہے جس کا مقصد شریک ٹیموں کے مابین جدید عسکری حکمت عملی، حربی تجربات اور عملی مہارت کو فروغ دینا ہے۔ اس سال یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد ہوئی جس نے شرکاء کو حقیقی اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا۔ پچھلے سالوں کی طرح PATS اب ایک معتبر اور انتہائی مسابقتی عسکری مشق کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

یہ مشق شریک ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت، باہمی سیکھنے اور عسکری تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ پلیٹ فارم ٹیم ورک اور اعتماد کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعلقات کو بھی مستحکم کرتا ہے۔

اس سال مقابلے میں کل 19 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکا اور ازبکستان شامل تھے جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے مبصر کے طور پر شرکت کی۔ پاکستان کی طرف سے آرمی اور نیوی کی 16 مقامی ٹیموں نے حصہ لیا اور پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی مشق میں موجود رہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بین الاقوامی مشقیں اجتماعی تیاری اور جدید حربی تکنیک اپنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کردار، جرات اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت پاک فوج کی بنیادی پہچان ہیں اور پاکستانی جوان خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے تمام شریک ٹیموں کی پیشہ وارانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی طاقت، صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ اختتامی تقریب میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مشق کے دوران اعلیٰ معیار، بہترین تنظیم اور نظم و ضبط کو سراہا۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مختلف تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جس میں نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمیولیٹر تربیت روایتی طریقہ کار کو مؤثر بناتا ہے اور کردار، جرات اور قابلیت وہ اوصاف ہیں جو پاکستانی سپاہیوں کی پہچان ہیں۔

Related Posts