پاکستان اور بھارت آج عمان میں ہونے والے جونیئر ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گے، جہاں دونوں ٹیموں نے منگل کو سیمی فائنل جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان نے جاپان کو 4-2 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی، جس میں حنان شاہد کے دو گولز اہم ثابت ہوئے۔ دوسری جانب بھارت نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو 3-1 سے ہرایا۔
سخت مقابلے میں پاکستان نے 27ویں منٹ میں حنان شاہد کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی لیکن جاپان کے تسوباسا تناکا نے جلد ہی میچ برابر کر دیا۔ 38ویں منٹ میں بشارت علی نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے پاکستان کو دوبارہ برتری دلائی۔
جاپان نے ہمت نہ ہارتے ہوئے تیسرے کوارٹر کے آغاز میں رکوسے یاماناکا کے گول کے ذریعے اسکور برابر کر دیا۔
پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں بھی زمبابوے کو آسانی سے شکست دے دی
پاکستان کے 19 سالہ نوجوان اسٹار حنان شاہد نے 48ویں منٹ میں ایک اور شاندار گول کر کے قومی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ محمد سفیان نے 52ویں منٹ میں گول کر کے فتح کو یقینی بنایا۔
میچ میں کپتان حنان شاہد نے دو گول کیے جبکہ سفیان خان اور بشارت علی نے ایک ایک گول کیا۔ حنان شاہد کو دو گولز کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ قومی ٹیم جونیئر ایشیا ہاکی کپ کے سیمی فائنل تک ناقابل شکست رہی ہے۔