2022 میں ایم ایم نیوز نے کونسے لذیذ کھانے متعارف کروائے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

2022 میں ایم ایم نیوز نے کونسے لذیذ کھانے متعارف کروائے
2022 میں ایم ایم نیوز نے کونسے لذیذ کھانے متعارف کروائے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

رواں سال ایم ایم نیوز کے پلیٹ فارم سے کراچی کے کئی ایسے لذیذ کھانے متعارف کروائے گئے جنہوں نے کھانوں کے دلدادہ لوگوں کے دل جیت لیے۔

ایم ایم نیوز پر شہرِ قائد میں دستیاب کئی ایسے کھانے متعارف کروائے گئے جن میں فوڈ اسٹریٹ اور معروف ہوٹلوں کے کھانے بھی شامل تھے، ہم نے رواں سال میں متعارف کروائے گئے چند بہترین کھانوں کا انتخاب کیا ہے، آئیے اُن کی فہرست پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

صرف 500 روپے میں مزیدار کھانے

کیا آپ نے کبھی ایسا بوفے آزمایا ہے جہاں پر صرف 500 روپے میں مختلف قسم کے مزیدار پکوان پیش کیے جاتے ہوں؟

ٹھیک ہے، ویسے آج کل کے زمانے میں تو یہ ایک خواب جیسا ہی ہے۔ مگر یہ خواب ایک حقیقت بھی بن سکتا ہے کیونکہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 ایکسٹینشن میں موجود ہے، فجر سی فوڈ جو کہ پیش کررہا ہے ایک مزیدار بوفے، جہاں پرلذیذ کھانوں کے دلدادہ صرف 500 روپے میں سی فوڈ، چکن باربی کیو اور چائنیز فوڈ سمیت بہت کچھ کھاسکتے ہیں۔

اگر آپ فجر سی فوڈ میں کھانا کھانے کا سوچ رہے ہیں تو جان لیں کہ وہاں پر بکنگ پہلے سے کرانا ہوگی کیونکہ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ بغیر کسی بکنگ کے آپ کو وہاں پر کھانے کیلئے جگہ نہیں ملے۔ یہ بوفے بنیادی طور پر بکنگ پر چلتا ہے۔

میرٹھ چاٹ گول گپے

لانڈھی نمبر 4 پر واقع میرٹھ چاٹ گول گپے کے مالک عمران کا کہنا ہے کہ میں پچھلے 12 سال سے یہاں گول گپے فروخت کر رہا ہوں اور اس سے پہلے میں نے بھارت کے شہر میرٹھ سے گول گپے بنانا سیکھے۔ بھارت کے کئی شہروں میں لوگ بہت شوق سے گول گپے کھاتے ہیں جنہیں پانی پوری کہا جاتا ہے۔

عمران نے کہا کہ گول گپے یا پانی پوری برصغیر کی سوغات ہے جس کا آغاز بھارت سے ہوا اورپاکستان میں بھی لوگ گول گپے بے حد پسند کرتے ہیں۔میں لانڈھی 4 نمبر پر موجود ہوں لیکن شہرکے دوردراز علاقوں سے بھی یہاں لوگ گپے کھانے کیلئے آتے ہیں۔

کراچی کا بہترین حیدرآبادی یخنی پلاؤ

نیو کراچی میں واقع الغوثیہ حیدرآبادی یخنی پلاؤ مہمانوں کو پیش کرنے کے لیے شہر کا بہترین پلاؤ ہے جہاں ہر کراچی والے بشمول مشہور یوٹیوبر نادر علی کھانے کے لیے آتے ہیں۔

جو چیز اسے منفرد بناتی ہے وہ ہے جوائنٹ پکانے کا طریقہ ہے، اسے دو دیگوں میں تیار کیا جاتا ہے، ایک میں پلاؤ تیار کیا جاتا ہے اور دوسری دیگ سے یخنی تیار کی جاتی ہے۔

دھوراجی میں دستیاب مختلف مزیدار فلیورز پر مشتمل آئس تھالی

شہرِ قائد کے علاقے دھورا جی میں آئس تھالی 500 روپے میں دستیاب ہے۔ ایک تھالی میں 6 باؤل رکھ کر ان میں 4 قسموں کی آئس کریم رکھی جاتی ہے جن میں چاکلیٹ، اسٹرابری، پستہ اور قلفہ شامل ہیں۔

آئس تھالی بنانے والوں کا کہنا ہے کہ برف کے گولے کا ایک باؤل بنتا ہے جس پر مینگو آئس کریم ڈالی جاتی ہے جس میں بسکٹ اور بنٹیز لگائی جاتی ہیں۔ کوکونٹ کھوپرا اور دیگر خشک پھل شامل کیے جاتے ہیں۔

تھالی بنانے والوں کا کہنا ہے کہ گولا گنڈا اسٹک کی صورت میں بھی دستیاب ہے جبکہ مٹکا گولا دو اور چار افراد کیلئے الگ الگ بنایا جاتا ہے تاہم آئس تھالی کے نام سے مشہور سوغات نسبتاً نئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھوراجی میں سیلانی چوک پر ہم آئس تھالی فروخت کرتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ خود بھی آئیں اور اپنے دوست احباب کو بھی لا کر تھالی کی لذت اور منفرد ذائقے سے لطف اندوز ہوں۔ 

کراچی، کے ڈی اے مارکیٹ میں دستیاب مزیدار چنے کا پلاؤ

کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں واقع کے ڈی اے مارکیٹ میں دستیاب مزیدار چنے کا پلاؤ ذائقے میں اپنی مثال آپ ہے اور گزشتہ 12سال سے یہاں کے لوگ چنے کا پلاؤ کھانے کیلئے کے ڈی اے مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں جو کسی دکان یا ٹھیلے کی بجائے موٹر سائیکل پر فروخت کیا جاتا ہے۔

کراچی میں لانڈھی نمبر 3 کے انڈے والی فرنچ فرائز ذائقے میں اپنی مثال آپ

کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 3 میں بابر مارکیٹ پر چپس اڈا کے نام سے قائم دکان پر لوگ دور دور سے انڈے والے فرنچ فرائز کھانے آتے ہیں۔

انڈے والی چپس کی قیمت کی بات کریں تو وہ بھی زیادہ نہیں ہے۔ فی پلیٹ چپس کی قیمت 150 روپے سے شروع ہوتی ہے اور باقی جو گاہک مانگ کرے ویسے پلیٹ تیار کرکے پیش کردی جاتی ہے۔

’فوڈ ایکسچینج‘ پر دستیاب ’مندی‘ ایک بار ضرور کھانی چاہیے

مندی مخصوص مسالوں کیساتھ تیاری کی گئی گوشت اور چاول کی ڈش کو کہتے ہیں۔ ایم ایم نیوز نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ایک ریسٹورنٹ فوڈ ایکسچینج کا وزٹ کیا جہاں پر مزیدار مندی ملتی ہے۔

اگر آپ اپنے دوستوں اور خاندان کے ہمراہ خوشگوار ماحول سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی کراچی کی بہترین مندی کا مزا چکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو ایک دفعہ فوڈ ایکسچینج ضرور جانا چاہیے۔

جب آپ فوڈ ایکسچینج میں دستیاب مزیدار مندی کھائینگے تو یقین مانیں آپ کو اپنے پیسے خرچ کرنے کا بالکل بھی افسوس نہیں ہوگا بلکہ آپ آئندہ بھی اس جگہ پر مندی کھانے کیلئے ضرور جائینگے۔

پروٹین سے بھرپور خرگوش کے لذیذ پکوان ایک بار ضرور ٹرائی کریں

مدینہ حسن زئی کوئلہ کڑھائی، جوکہ میٹرک بورڈ آفس پر قائم ہے، یہاں کے لذیذپکوان ہر خاص و عام کی پسند ہیں، مگر آج ہم نے کچھ نیا کرنے کا سوچا اور ہم نے خرگوش کی ڈش کے حوالے سے جاننے کی کوشش کی، جوکہ اپنے ناظرین کی خدمت میں پیش کررہے ہیں۔

اگر کڑھائی کے حوالے سے بات کریں تو ہم خرگوش کے گوشت سے گرین کڑھائی، وائٹ کڑھائی، بلیک پیپر والی کڑھائی، شاہی کڑھائی، یعنی کڑھائی میں آپ جتنے بھی فلیور بنانا چاہیں وہ آپ خرگوش کے گوشت سے بھی بناسکتے ہیں۔

کیکڑے کا سوپ۔ کیماڑی سی فوڈز

جب ہم نے کیکڑے کے سوپ کے بارے میں کیماڑی سی فوڈز سے دریافت کیا تو ہمیں بتایا گیا کہ کیکڑے کو صاف کرنے کے بعد ابالا جاتا ہے اور ترکیب کے مطابق اجزاء شامل کرتے ہیں۔ 1 سے 2 گھنٹے تک اسے گاڑھا کیا جاتا ہے۔ 

بہادر آباد میں انڈین ڈوسا فوڈ، ذائقے اور معیار میں اپنی مثال آپ

شہر قائد کے باسی لذیذ کھانوں اور فاسٹ فوڈ کے شوقین ہیں، جس میں ذائقہ دار کھانے اور دیگر پکوان شامل ہیں، ڈوسا فوڈ کے مالک نے کھانے پینے کے شوقین افراد کے لئے ایک منفرد چیز متعارف کرائی، جس کا احوال پیش خدمت ہے۔

ڈوسا فوڈ کے مالک نے ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈوسا، یہ ساؤتھ انڈین فوڈ ہے، یہ مدراس کی ڈش ہے، انہیں اسی جگہ پر کام کرتے ہوئے 28سال ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میری تیسری فوڈ گاڑی ہے، جس سے سروس فراہم کی جارہی ہے، پہلی گاڑی بنائی وہ استعمال کر کرکے ختم ہوئی پھر دوسری اور اب یہ تیسری گاڑی ہے۔

Related Posts