بلوچستان، وزیر اعلیٰ سے اپوزیشن لیڈر کی ملاقات میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت

کوئٹہ: اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی جس میں نگران  وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے اپوزیشن اور حکومت کے مابین مختلف شخصیات کے ناموں پر مشاورت کا عمل جاری ہے جس کیلئے اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:

 انوار الحق کاکڑ نے وزارتِ عظمی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

ملک سکندر خان ایڈووکیٹ اور وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے تجویز کردہ ناموں پر آگہی دی۔ ملاقات میں طے کیا گیا کہ نگران وزیر اعلیٰ کیلئے حتمی فیصلہ اتفاقِ رائے سے ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدوں کیلئے فیصلے ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں بھی حتمی فیصلے تک مشاورت کیلئے ملاقاتوں کا عمل جاری رہے گا۔ 

گزشتہ روز نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارتِ عظمی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے تمام وزارتوں سے اہم امور پر بریفنگ طلب کی۔

واضح رہے کہ سابق سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف بھی گزشتہ روز اٹھایا۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے عہدے کا حلف لیا تھا۔