معروف ٹیلی وژن نیٹ ورک اے آر وائی نے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم نکتہ کے اکثریتی حصص خرید لیے، معروف اینکر پرسن کامران خان اب اے آر وائی کے چیئرمین ہوں گے۔
اے آر وائی گروپ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان اقبال نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا کی دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور اے آر وائی ہمیشہ اس تبدیلی کی قیادت کرتا آیا ہے۔ ان کے مطابق نکتہ کو اے آر وائی کے میڈیا نیٹ ورک میں شامل کرنے سے گروپ کی ڈیجیٹل موجودگی مزید مضبوط ہوگی جبکہ عالمی سطح پر اے آر وائی کی نشریاتی برتری کو بھی وسعت ملے گی۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس انضمام کے نتیجے میں ایک ایسا مربوط میڈیا پلیٹ فارم سامنے آئے گا جو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق مؤثر صحافت اور جدید انداز کی کہانی سنانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
معاہدے کے تحت نکتہ اپنے مرکزی دفتر دبئی سے ہی کام جاری رکھے گا، تاہم اب یہ اے آر وائی گروپ کے عالمی میڈیا نیٹ ورک کا حصہ ہوگا۔
معاہدے کے بعد سینئر صحافی اور نکتہ کے بانی کامران خان کو اے آر وائی نیوز اور نکتہ کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔ کامران خان کے مطابق یہ شراکت داری ایک ایسا موقع فراہم کرتی ہے جس کے ذریعے اے آر وائی کی وسیع نشریاتی رسائی اور نکتہ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو یکجا کیا جا سکے۔
اس انضمام کے بعد نکتہ کا معروف پروگرام “آن مائی ریڈار” (On My Radar) بھی جلد ARY News پر نشر کیا جائے گا، جس سے اس پروگرام کو ٹیلی وژن کے کہیں بڑے ناظرین تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








