سائبر کرائم کیس، عدالت نے عائشہ ثناء کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: عدالت نے سائبر کرائم کیس میں مشہورومعروف اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ ثناء کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عائشہ ثناء کے خلاف سائبر کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس کی عدالت میں ہوئی جبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے عائشہ ثناء کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

مشہورومعروف اداکارہ عائشہ ثناء پر وزیر اعظم کے سابق معاونِ خصوصی یوسف بیگ مرزا و اہلِ خانہ کی عزت و شہرت کو نقصان پہنچانے اور سوشل میڈیا پر ان کی اہلیہ اور بیٹی کی نامناسب تصاویر ڈالنے کا الزام ہے۔

مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ عائشہ ثناء نے سوشل میڈیا کے علاوہ ایک ویب سائٹ پر بھی یوسف بیگ مرزا کی اہلیہ اور بیٹی کی نامناسب تصاویر شیئر کیں جس سے ان کے خاندان کی ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔

قبل ازیں عدالت نے عائشہ ثناء کو مقدمے کی سماعت کیلئے حاضر ہونے کا حکم دیا تاہم معروف اداکارہ وقتِ مقررہ پر حاضر نہ ہوسکیں جس پر عدالت نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔

جولائی 2020ء میں عائشہ ثناء پر دھوکہ دہی کے الزام کے تحت بھی عدالت نے نوٹس جاری کیا۔ مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ معروف اداکارہ نے مجھ سے 20 لاکھ روپے قرض لے کر اس کے بدلے میں باؤنس ہوجانے والا چیک دیا۔

واضح رہے کہ عائشہ ثناء سرکاری ٹی وی چینل (پی ٹی وی) سمیت دیگر چینلز پر شوز، فلم، ٹی وی اور اشتہارات میں بھی اداکاری کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے قانون کے شعبے میں یونیورسٹی آف لندن سے ڈگری حاصل کررکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عائشہ ثناء لوگوں سے کروڑوں لے کر منظر عام سے غائب، مقدمہ درج