چند پرفارمنسز کی بنیاد پر کسی نئے کھلاڑی کو آسمان پر نہیں چڑھانا چاہئیے، بابراعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے شائقین کو نوجوان کرکٹرز کے قدم زمین پر رہنے دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ چندپرفارمنسز کی بنیاد پر کسی نئے کھلاڑی کو آسمان پر نہیں چڑھانا چاہئیے۔

گزشتہ دنوں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہوا، جس میں پشاور زلمی نے کوئٹہ کو 240 کا رنز کا ہدف دیا تاہم کوئٹہ نے عمدہ کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بڑے ہدف کو عبور کیا اور پشاورزلمی کو شکست دے دی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم سے جب اتنے بڑے اسکور کا دفاع نہ کرپانے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ کچھ ہم بْرا کھیلے اور کچھ وہ بھی اچھا کھیلے، جیسن روئے کو کریڈٹ دینا چاہیے، 240 رنز بناکر بھی ہار جائیں تو مایوسی تو ہوتی ہے، راولپنڈی کی پچ ہمیشہ ہی بیٹرز کیلیے معاون ہوتی ہے، جوابی حملے کیلیے اچھی بولنگ ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:

خواتین کرکٹ لیگ کے آغاز سے پاکستان ویمن کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا، ڈینی ویاٹ

بابراعظم نے کہا کہ 240 رنز بنانا آسان نہیں ہوتا، اگلے 2 میچز ہمارے لیے اہم ہیں، اگلے میچ میں 280 رنز اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ صائم ایوب اور اعظم خان کو افغانستان کے خلاف آنے والی سیریز میں موقع دینے کے سوال پر بابر نے کہا کہ صائم کافی باصلاحیت ہیں، ان کی کارکردگی میں دن بہ دن نکھار آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپنر میں سیکھنے کی لگن موجود ہے، ہماری ان سمیت ایونٹ میں شریک تمام نوجوان کھلاڑیوں پر نظر ہے، فی الحال پوری توجہ پی ایس ایل پر ہی ہے، اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے بارے میں بات کریں گے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ صرف چند پرفارمنسز کی بنیاد پر کسی نئے کھلاڑی کو آسمان پر نہیں چڑھا دینا چاہیے،اس سے ان کی توجہ بھی منتشر ہوتی ہے، انھیں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے دینا چاہیے، یہ خود ان پلیئرز کیلیے بھی بہتر ہے۔یاد رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم اپنے 9 ویں لیگ میچ میں جمعے کو ملتان سلطانز سے مقابلہ کرے گی۔

Related Posts