ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے 2026 کی پہلی ششماہی کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ درجہ بندی جاری کر دی ہے جس میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک نے برتری ثابت کی ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق سنگاپور دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ سنگاپور کے شہری 192 ممالک اور خطوں میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں جس کے باعث یہ پاسپورٹ مسلسل سرفہرست ہے۔
دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں۔ ان دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے شہری 188 ممالک اور علاقوں میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول داخلے کے اہل ہیں۔
تیسرے نمبر پر یورپ کے کئی ممالک شامل ہیں جن میں سوئٹزرلینڈ، سویڈن، اسپین، ڈنمارک اور لکسمبرگ شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہری تقریباً 186 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
چوتھی پوزیشن پر بھی متعدد یورپی ممالک موجود ہیں، جن میں نیدرلینڈز، آسٹریا، بیلجیئم، اٹلی، فرانس، جرمنی، ناروے، فن لینڈ، یونان اور آئرلینڈ شامل ہیں۔ ان پاسپورٹس کے ذریعے بھی دنیا کے بیشتر ممالک میں آسان داخلہ ممکن ہے۔
پانچویں نمبر پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہنگری، پرتگال اور چند دیگر یورپی ممالک شامل ہیں جن کے شہریوں کو تقریباً 184 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سہولت حاصل ہے۔
دوسری جانب کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان سب سے نچلے درجے پر ہے جہاں کے شہری صرف 24 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شام، عراق اور یمن کے پاسپورٹس بھی نچلے درجوں میں شامل ہیں۔
پاکستان کا پاسپورٹ بھی اس فہرست میں کمزور شمار کیا گیا ہے اور تقریباً 98ویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستانی شہری صرف 31 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر کر سکتے ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک میں بھارت (تقریباً 80ویں نمبر)، چین (59ویں نمبر کے قریب)، ایران اور سعودی عرب کی پوزیشن پاکستان سے بہتر ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق یہ درجہ بندی دنیا بھر کے ممالک کے سفارتی تعلقات، بین الاقوامی معاہدوں، سیاسی استحکام اور معاشی حالات کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے۔ فہرست واضح طور پر اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ دنیا میں سفری آزادی یکساں نہیں جہاں کچھ ممالک کے شہریوں کو وسیع سہولتیں حاصل ہیں وہیں دیگر ممالک کے شہریوں کو سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








