نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک (کے ای) کی اُس درخواست پر عوامی سماعت مکمل کر لی ہے جو منظور شدہ ملٹی ایئر ٹیرف (ایم وائی ٹی) فریم ورک کے تحت کنٹرول پیریڈ مالی سال 2017 سے 2023 کے لیے “اختتامی مدت ایڈجسٹمنٹس” سے متعلق ہے۔
ایم وائی ٹی فریم ورک کے تحت ان ایڈجسٹمنٹس کے طریقہ کار کو نیپرا نے پہلے ہی منظور کیا تھا، جس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ کنٹرول پیریڈ کے اختتام پر مخصوص اجزا کا جائزہ ایک باقاعدہ ریگولیٹری طریقہ کار کے تحت لیا جائے گا۔
سماعت کے دوران کے الیکٹرک نے نیپرا کو آگاہ کیا کہ اس کی مجموعی ای او ٹی ایڈجسٹمنٹ کا دعویٰ 43.6 ارب روپے ہے۔ اس میں وہ اجزا شامل ہیں جو شرح مبادلہ میں تبدیلی کے اثرات سے متعلق ہیں، خاص طور پر ایکویٹی پر متعین ریٹرن (آر او ای)، سرمایہ کاری سے متعلق ایڈجسٹمنٹس، اور ورکنگ کیپیٹل کی اصل صورتحال کو شامل کیا گیا ہے، جس کا موازنہ ایم وائی ٹی فریم ورک کے تحت منظور شدہ تخمینوں سے کیا گیا ہے۔
کے الیکٹرک نے مزید بتایا کہ اس نے ٹیکسز سے متعلق وہ پاس تھرو کلیمز بھی منظور کرنے کی درخواست دی ہے جو نیپرا کی ایم وائی ٹی منظوری کے مطابق ادا کیے گئے اور باقاعدہ طور پر کلیم کیے گئے ہیں۔
کمپنی نے سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ تمام پیش کردہ مطالبات نیپرا کے منظور شدہ ایم وائی ٹی فریم ورک (مالی سال 2017 تا 2023) کے تحت طے شدہ اصولوں، طریقہ کار اور میکانزم کے عین مطابق ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








